موجودہ ٹیم میں ایشین گیمز کے ٹائٹل کا دفاع کرنے کی صلاحیت نہیں ہے سمیع اللہ

اگر قومی ہاکی ٹیم گلاسگو میں ہونے والے دولت مشترکہ گیمز میں بھی شرکت کرتی تو زیادہ بہتر ہوتا، سمیع اللہ

اگر قومی ہاکی ٹیم گلاسگو میں ہونے والے دولت مشترکہ گیمز میں بھی شرکت کرتی تو زیادہ بہتر ہوتا، سمیع اللہ فوٹو:فائل

سابق قومی کپتان اور اپنے دور کے عظیم سینٹر فارورڈ سمیع اللہ خان نے کہاہے کہ موجودہ ٹیم میں ایشین گیمز کے ٹائٹل کا دفاع کرنے کی صلاحیت نہیں ہے۔


ان کے مطابق ایونٹ میں شرکت نیک شگون ہے، پی ایس بی نے پی ایچ ایف کوپی او اے (جنرل عارف گروپ) کے ذریعے شرکت کی اجازت دیکر اچھا فیصلہ کیا ورنہ قومی کھیل کو ناقابل تلافی نقصان ہوتا،انھوں نے کہا کہ اگر قومی ہاکی ٹیم گلاسگو میں ہونے والے دولت مشترکہ گیمز میں بھی شرکت کرتی تو زیادہ بہتر ہوتا،دیگر کھیلوں کو نقصان سے بچانے کے لیے حکومت پی او اے تنازع کو جلد فیصلہ کن بنائے، سمیع اللہ خان نے کہا کہ 2016 اولمپکس میں جگہ بنانے کے لیے نئی اور مضبوط ٹیم کی تشکیل ناگزیر ہے جس کے لے سپر فٹ کھلاڑی سامنے لانا ہوں گے کیونکہ اس وقت تک میچ میں 4 ہاف کا قانون نافذ العمل ہو چکا ہوگا۔

دریں اثنا ایک اور سابق قومی کپتان حسن سردار نے ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم کی شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ اہم ترین ایونٹ میں شرکت سے قومی ہاکی کو دوام ملے گا، پی ایچ ایف کی جانب سے ملک گیرٹرائلزکے بعدسامنے آنے والے باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ایشین گیمز میں اپنے اعزاز کا دفاع کرسکتی ہے، انھوں نے کہاکہ بہتر نتائج کے حصول کے لیے ہیڈ کوچ شہناز شیخ کو بھرپور محنت کرنا ہوگی، حسن سردار نے کہا کہ بلاشبہ باہمی چپقلش سے پاکستان ہاکی متاثر ہوئی لیکن اب ہمیں اپنی نظریں مستقبل پر مرکوز رکھنا ہوں گی۔
Load Next Story