کرکٹ کرپشن کیس میں آئی سی سی کی محنت رائیگاں

محمد اشرفل کے سوا تمام بنگلہ دیشی پلیئرز کو دوبارہ کرکٹ کھیلنے کا پروانہ مل چکا

محمد اشرفل کے سوا تمام بنگلہ دیشی پلیئرز کو دوبارہ کرکٹ کھیلنے کا پروانہ مل چکا۔ فوٹو: فائل

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کرپشن کیس میں آئی سی سی کی ساری محنت رائیگاں چلی گئی، محمد اشرفل کے سوا تمام پلیئرزکو پھر سے کرکٹ کھیلنے کا پروانہ مل چکا، کونسل اور بی سی سی ٹریبونل کے فیصلے کیخلاف اپیل کا ہی فیصلہ نہیں کرپائے، انھیں بدستور تفصیلی حکمنامے کا انتظار ہے۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے گذشتہ دنوں بی پی ایل کرپشن کیس میں ملوث2کرکٹرز مشرف حسین روبیل اور محبوب العالم روبن پر سے پابندی ہٹاکر انھیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا پروانہ جاری کردیا، یہ اقدام اینٹی کرپشن ٹریبونل کی جانب سے انھیں کلیئر کیے جانے کے کئی ہفتوں بعد اٹھایا گیا تھا، ٹریبونل نے سوائے محمد اشرفل اور ایک ٹیم مالک کے باقی سب کو کلیئر قرار دے دیا تھا، محبوب اور مشرف کو کھیلنے کی اجازت نہ دیے جانے پر بی سی بی کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔


اس بارے میں بورڈ کے قائم مقام چیف ایگزیکٹیو نظام الدین چوہدری کا کہنا ہے کہ ایک تو ہم ٹریبونل کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کررہے تھے اور دوسرا ہم نے آئی سی سی سے بھی ان پلیئرز کو کھیلنے کی اجازت دینے کے حوالے سے قانونی رائے حاصل کی تھی، اس کا جواب موصول ہونے پر ہم نے پابندی اٹھالی۔

واضح رہے کہ اگر بی سی بی اور آئی سی سی نے ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اپیل کی تو پھر یہ پابندی ان کھلاڑیوں پر عائد ہوجائے گی تاہم ابھی تک دونوں کی جانب سے اپیل کا فیصلہ نہیں ہوسکا، نظام الدین چوہدری نے کہاکہ ہمیں بدستور تفصیلی فیصلے کا انتظار ہے، اس کا جائزہ لینے اور قانونی رائے حاصل کرنے کے بعد ہی اپیل کرنے کا سوچا جائے گا۔ یاد رہے کہ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن و سیکیورٹی یونٹ نے بی پی ایل میں کرپشن کی تحقیقات کے بعد 9 کھلاڑیوں کیخلاف شواہد جمع کیے تھے، ٹریبونل کی جانب سے انھیں کلیئر کرنے سے اے سی ایس یو کی ساری محنت رائیگاں چلی گئی۔
Load Next Story