حکومت پنجاب نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا

انٹرسٹی ڈیزل بسوں كے كرایوں میں 4فیصد تک جبكہ اربن ڈیزل بسوں كے كرایے میں6 فیصد تک كمی کردی گئی، محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب

کرایوں میں کمی کے بعد اندرون شہر سفر کرنے والے مسافروں سے اب زیادہ سے زیادہ 31 روپے کرایہ وصول کیا جائے گا۔ فوٹو: آئی این پی/فائل

ٹرانسپورٹرز نے ڈیزل كی قیمتوں میں نمایاں كمی كے بعد كرایوں میں كمی كا اعلان کیا ہے جس کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔


محکمہ ٹرانسپورٹ پناب کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق بغیر ایئر کنڈیشنر کی انٹر سٹی ڈیزل بسوں كے كرایوں میں 3 سے 4 فیصد جبكہ بغیر ایئر کنڈیشنر کی اربن ڈیزل بسوں كے كرایے میں 3 سے 6 فیصد كمی كی گئی ہے، اندرون شہر 4 كلو میٹر تک كرایہ 16 روپے، 8 كلو میٹر تک 21 روپے، 14 كلومیٹر تک 25 روپے اور 22 کلو میٹر تک 31 روپے كرایہ وصول كیا جائے گا۔

اسی طرح انٹرا سٹی بسوں میں سفر کرنے والے مسافروں کو اب 30 كلو میٹر تک سفر کرنے کا کرایہ 37 روپے جبكہ 30 كلو میٹر سے زائد سفر پر 43 روپے کرایہ ادا کرنا ہوگا۔
Load Next Story