شکیرا سب سے آگے

گلوکارہ کے فیس بک پیج پر لائیکس کی تعداد 8 کروڑ67 لاکھ سے تجاوز کرگئی

’’تصور بھی نہیں کیا تھا کہ میرے اتنے دوست ہوں گے‘‘ شکیرا کا اظہارِِتشکر ۔ فوٹو : فائل

سیاست کی طرح شوبز کی دنیا میں بھی اس شعبے سے متعلق کسی شخصیت خصوصاً اداکاروں اور گلوکاروں کی کام یابی اور ان کے کیریر کے آگے بڑھنے کا انحصار ان کی مقبولیت پر ہوتا ہے۔

ایک زمانے تک کسی اداکار کی مقبولیت کا پیمانہ اس کی فلم کی کام یابی ہوتی تھی اور کسی گلوکار کی پذیرائی کو اس کی آڈیوز یا وڈیوز کی فروخت کے اعدادوشمار سے جانا جاتا تھا، لیکن اب مقبولیت جانچنے کے میدان میں سوشل میڈیا بھی ایک پیمانے کے طور پر موجود ہے۔ کسی شخصیت کی مقبولیت کا اندازہ لگانے کے لیے یہ بھی دیکھا جاتا ہے کہ مقبول ترین سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس، جیسے فیس بک یا ٹوئٹر پر اس کی مقبولیت کی کیا صورت حال ہے۔ یعنی فیس بک پر اس شخصیت کے پیج کو کتنے لائیکس مل چکے ہیں اور ٹوئٹر پر کتنے لوگ اس کے اکاؤنٹ کے فالوور بن چکے ہیں۔


اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ عالمی شہرت یافتہ اور دل کش خدوخال کی مالک گلوکارہ شکیرا فیس بک کی دنیا میں مقبول ترین سیلیبریٹی بن چکی ہے۔

لاطینی امریکا سے تعلق رکھنے والی خوب رو گلوکارہ شکیرا کے فیس بک پیج کو 8 کروڑ67 لاکھ 41 ہزار 814 لائکس مل چکے ہیں، جس کے ساتھ ہی وہ فیس بک پر موجود دیگر تمام شخصیات کو پیچھے چھوڑ کر نمبر ون ہوگئی ہے۔ شکیرا سے پہلے یہ اعزاز عالمی سطح کی ایک اور مقبول گلوکارہ ریحانہ کو حاصل تھا، جو اب شکیرا سے پیچھے رہ گئی ہے۔

شکیرا کے ایف بی پیج پر اس کے فیس بک پر پسندیدہ ترین شخصیت کا اعلان لائکس کی تعداد کے ساتھ آنے کے بعد شکیرا نے مسرت کا اظہار اور اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یہ کمنٹ کیا ہے:''واؤ۔۔۔۔مجھے بتایا گیا ہے کہ میرا فیس بک پیج دنیا میں سب سے زیادہ فالو کیا جانے والا ایف بی پیج بن چکا ہے۔ مجھے اب تک اس کا یقین نہیں آیا ہے۔ میں ہمیشہ سے چاہتی تھی کہ میرے بہت سارے دوست ہوں، مگر میں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ میرے اتنے سارے دوست ہوں گے۔ دوستو! میں تمھارا شکریہ ادا نہیں کر سکتی۔ میں خود کو بہت خوش قسمت تصور کرتی ہوں کیوں کہ آپ لوگ میرے ساتھ ہیں۔ ہمیشہ کے لیے شکر گزار، شکیرا۔''
Load Next Story