تھری جی سے ای کامرس اور ای شاپس کا تصور فروغ پائیگا ٹیلی نار

ٹیلی نار پاکستان میں لوکل کانٹینٹ ڈیولپمنٹ کے فروغ کیلیے تدریسی اداروں کے ذریعے نوجوانوں کی سپورٹ کریگی،عرفان وہاب خان

ٹیلی نار پاکستان میں لوکل کانٹینٹ ڈیولپمنٹ کے فروغ کیلیے تدریسی اداروں کے ذریعے نوجوانوں کی سپورٹ کریگی،عرفان وہاب خان فوٹو: فائل

پاکستان میں تھری جی ٹیکنالوجی کی آمد سے بڑے کاروباری اداروں کے ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

نئی ٹیکنالوجی پاکستان میں ای کامرس اور ای شاپس کے تصور کو فروغ دینے میں بھی معاون ثابت ہوگی جس سے پاکستان میں انٹرپرینیورشپ کو بھی فروغ ملے گا۔ ٹیلی نار کے چیف مارکیٹنگ آفیسر عرفان وہاب خان نے کراچی میں میڈیا بریفنگ کے موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ تھری جی ٹیکنالوجی سے تعلیم اور صحت کے شعبوں کو فائدہ پہنچے گا۔ ملک میں ای ایجوکیشن، ای بینکنگ، ای گورنمنٹ کو فروغ حاصل ہوگا، ساتھ ہی تعلیم یافتہ اور ہنرمند نوجوان ای شاپس کے ذریعے اپنی اشیا اور خدمات نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر متعارف کراسکیں گے۔ نئی ٹیکنالوجی بڑے کاروباری اداروں کے ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے بھی انتہائی سود مند ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی نار پاکستان میں لوکل کانٹینٹ ڈیولپمنٹ کے فروغ کے لیے تدریسی اداروں کے ذریعے نوجوانوں کی سپورٹ کریگی۔


انہوں نے کہا کہ تھری جی ٹیکنالوجی ملک میں مجموعی قومی پیداوار میں اضافے کا سبب بنے گی براڈ بینڈ میں اضافے سے معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ موبائل انٹرنیٹ کو عام کرنے کے لیے ٹیلی کام سیکٹر پر ٹیکسوں کی شرح میں کمی ناگزیر ہے۔ ٹیلی کام سیکٹر پر ایکٹیویشن چارجز کی مد میں فی کنکشن 250روپے فکسڈ چارجز عائد ہیں جو کمپنی ادا کرتی ہے۔ ٹیلی کام پر دیگر شعبوں سے زیادہ 19.5فیصد فیڈرل ایکسائز اور 15فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ٹیکسوں پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ تھری جی کی خدمات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ٹیلی نار کے 8ہزار سیل سائٹس تھری جی خدمات کی فراہمی کے لیے تیار ہیں اور لائسنس ایوارڈ ہوتے ہی مختصر وقت میں خدمات کی کمرشل بنیادوں پر فراہمی شروع کردی جائیگی۔

تھری جی سہولت کے چارجز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ٹیلی نار ''انٹرنیٹ سب کے لیے'' کے عنوان سے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی بہترین خدمات فراہم کرے گا۔ کسٹمرز کی قوت خرید کو سامنے رکھتے ہوئے ماہانہ پلان کے ساتھ یومیہ اور ہفتہ وار ڈیٹا بنڈلز بھی آفر کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی نار پاکستانی مارکیٹ کو فور جی کے مقابلے میں تھری جی کے لیے زیادہ سازگار سمجھتی ہے۔ ملک میں اسمارٹ فونز کی تعداد 10فیصد ہے جبکہ فور جی پر چلنے والے سیٹس بمشکل 50ہزار ہوں گے۔ پاکستان میں فورجی کے سیٹ عام ہونے میں کافی وقت لگے گا۔ خود زیادہ لاگت کی وجہ سے یورپ کے ممالک میں تھری جی ٹیکنالوجی عام ہونے میں تین سال کا عرصہ لگا۔ ان عوامل کی بنا پر ٹیلی نار نے فورجی ٹیکنالوجی کے لیے بولی نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیلی نار پاکستان میں ماحول کے تحفظ اور توانائی کے باکفایت استعمال کے لیے اپنے انفرااسٹرکچر کو ماحول دوست اور باکفایت بنانے میں مسلسل سرمایہ کاری کررہی ہے۔ کمپنی کے ماحول دوست اقدامات کے نتیجے میں ٹیلی نار کے نیٹ ورک پر بجلی کا استعمال 25فیصد تک کم کیا گیا ہے جس سے کاربن کے اخراج میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ ٹیلی نار آن لائن پے منٹ سلوشنز پر بھی کام کررہا ہے۔ ای کامرس کے لیے درکار اس بنیادی سہولت سے ایزی پیسہ موبائل اکائونٹ ہولڈرز استفادہ کرسکیں گے۔ یہ سہولت ون لنک کے اے ٹی ایم انٹربینک نیٹ ورک سے منسلک ہوگی جس کے ذریعے موبائل کے ذریعے آن لائن ٹرانزیکشن کی جاسکیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایزی پیسہ کے ذریعے اب تک 3ارب ڈالر کے برابر ٹرانزیکشن کی جاچکی ہیں جو ملک کی مجموعی قومی پیداوار کا ایک فیصد ہے۔
Load Next Story