جیک کیلس کی ورلڈ کپ میں شرکت فٹنس اورفارم سے مشروط

جنوبی افریقی ٹیسٹ ٹیم کپتان کا فیصلہ 3 جون کو بورڈ میٹنگ میں کیا جائیگا، اینڈریو ہڈسن

جنوبی افریقی ٹیسٹ ٹیم کپتان کا فیصلہ 3 جون کو بورڈ میٹنگ میں کیا جائیگا، اینڈریو ہڈسن۔ فوٹو: فائل

آل رائونڈرجیک کیلس کی آئندہ برس ورلڈ کپ میں شرکت فٹنس اورفارم سے مشروط ہوگی، جنوبی افریقہ کی جانب سے انھیں سری لنکا کے خلاف سیریز سے میدان میں اتارا جائے گا، ٹیسٹ کپتان کا تقرر آئندہ ماہ کیا جائے گا۔


تفصیلات کے مطابق رواں برس کے آغاز میں جیک کیلس نے ورلڈ کپ 2015 میں شرکت کا خواب پورا کرنے کی خاطر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی تاہم ان کی میگا ایونٹ میں شرکت فٹنس اور فارم سے مشروط ہوگی، اگرچہ وہ ورلڈ کپ پلان کا حصہ ہیں تاہم انھیں زیادہ سے زیادہ ون ڈے کرکٹ کھیلنے کے مواقع فراہم کرنے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا، اینڈریو ہڈسن کا کہنا ہے کہ ایک سلیکٹر ہونے کے ناطے میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ کیلس کی ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ یقینی ہے ہم پہلے انھیں پرفارم کرتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں، میگا ایونٹ سے قبل ہم نے 25 کے قریب ون ڈے میچز کھیلنے ہیں،کیلس سری لنکا کے ٹور میں ٹیم کے ساتھ ہوں گے اور اس کے بعد ہم نے زمبابوے کا دورہ کرنا ہے، آل رائونڈر کوئی عام کرکٹر نہیں ہیں، وہ ٹیم میں توازن لاتے ہیں، وہ ہماری منصوبہ بندی کا حصہ ہیں لیکن اس کے لیے انھیں اپنی فٹنس اور فارم ثابت کرنا ہوگی۔

واضح رہے کہ جولائی میں شیڈول دورئہ سری لنکا کے دوران پروٹیز دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچز کھیلیں گے، گریم اسمتھ کی ریٹائرمنٹ کے بعد ابھی تک نئے ٹیسٹ کپتان کا بھی تقرر نہیں کیا گیا، ہڈسن کا کہنا ہے کہ اس بارے میں فیصلہ 3 جون کو بورڈ میٹنگ میں کیا جائے گا، انھوں نے واضح کیا کہ ٹیسٹ قائد کا تقرر طویل مدت کیلیے ہوگا، چیف سلیکٹر نے کہا کہ ہم صرف ایک سیریز کیلیے کپتان مقرر نہیں کرنا چاہتے بلکہ یہ ذمہ داری کم سے کم چار پانچ برس کیلیے دی جائے گی، ہم کوچ رسل ڈومنگو کی رپورٹ پر اپنی سفارشات بورڈ کے سپرد کریں گے تاہم کپتان کے تقرر کا اختیار بورڈ کے پاس ہی ہے۔ جنوبی افریقہ کو گذشتہ دنوں ٹیسٹ رینکنگ میں سالانہ اپ ڈیٹ کی وجہ سے ٹاپ پوزیشن سے محروم ہونا پڑا مگر وہ سری لنکا کے ٹور میں ایک بار پھر یہ پوزیشن حاصل کرنے کا خواہاں ہے۔1
Load Next Story