آئی پی ایل میں ایک اور ’’اتفاق‘‘ 2رنز کے دوران کولکتہ کی 6 وکٹیں گرگئیں

غیرمعروف لیگ اسپنر پراوین ٹامبے کی ہیٹ ٹرک نے راجستھان رائلز کو 10 رنز سے فتحیاب کرادیا۔

احمد آباد: راجستھان رائلز کے پراوین ٹامبے ہیٹ ٹرک کی تکمیل پر خوشی سے بے قابو، کولکتہ نائٹ رائیڈرزکے ریان ٹین ڈوئچے اسپنر کا تیسرا شکار بنے ۔ فوٹو : بی سی سی آئی

اتفاقات سے بھری آئی پی ایل میں گذشتہ روز ایک اور ''اتفاق'' دیکھنے میں آیا۔


جب بغیر کسی نقصان کے 121 رنز بنانے والی کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیم نے2رنز کے دوران6 وکٹیں گنوا دیں، غیرمعروف لیگ اسپنر پراوین ٹامبے کی ہیٹ ٹرک نے راجستھان رائلز کو 10 رنز سے فتحیاب کرادیا، دوسرے میچ میں چنئی سپر کنگز نے دہلی ڈیرڈیولز کو 8 وکٹ سے مات دے دی۔ تفصیلات کے مطابق کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو مسلسل چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا، 171 رنز ہدف کے تعاقب میں کے کے آر کو اوپنرز روبن اتھاپا اور گوتم گمبھیر نے 121 رنز کی مضبوط ترین بنیاد فراہم کی، مگر پھر اس کی 6 وکٹیں صرف دو رنز اضافے سے گرگئیں جس سے وہ سنبھل ہی نہیں پائی، شین واٹسن نے تباہی مچاتے ہوئے ایک اوور میں 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، انھوں نے گمبھیر کو 54 اور اتھاپا کو 65 رنز پر قابو کیا، پھر آندرے رسل کو بھی صرف ایک رن پر چلتا کردیا۔

اگلے اوور میں پراوین ٹامبے نے نائٹ رائیڈرز پر بڑھ چڑھ کر حملے کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک مکمل کی، انھوں نے منیش پانڈے، یوسف پٹھان اور ریان ٹین ڈوئچے کو صفر پر ٹھکانے لگایا، شکیب الحسن 21 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، ٹیم نے 6 وکٹ پر160رنز بنائے۔اس سے قبل راجستھان رائلز نے 6 وکٹ پر 170 رنز اسکور کیے۔ دوسرے میچ میں چنئی نے 179 رنز کا ہدف 2 بالز قبل دو وکٹ پر حاصل کرلیا، ڈیوائن اسمتھ نے 79 اور رائنا نے ناقابل شکست 47 رنز بنائے، اس سے قبل دہلی نے 5 وکٹ پر 178 رنز اسکور کیے، دنیش کارتھک نے 51 رنز 36 بالز پر بنائے، مرلی وجے 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
Load Next Story