گرمی میں پسینے بہا کر پلیئرز کو فٹ بنانے کا منصوبہ تیار

کنڈیشننگ کیمپ کاآج لاہور میں آغاز، پینتھرز اور ٹائیگرزکے نام سے20،20 کھلاڑیوں کے اسکواڈزکی تشکیل۔

ابتدائی2 دن میڈیکل ٹیسٹ لے کر ڈیٹا تیار کیا جائے گا،اگلے مرحلے میں صبح و شام ٹریننگ کا آغاز،15روزہ شیڈول میں زیادہ تر توجہ فٹنس کا معیار بہتر بنانے پر ہو گی ۔ فوٹو: فائل

گرمی میں پسینے بہاکر پلیئرزکو فٹ بنانے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا،کنڈیشننگ کیمپ منگل سے لاہور میں شروع ہوگا۔

اعزاز چیمہ،عمر امین، سمیع اسلم اور حماد اعظم کو بھی شامل کرکے پی سی بی پینتھرز اور ٹائیگرز کے نام سے 20،20 کھلاڑیوں کے اسکواڈز تشکیل دیدیے گئے، ابتدائی2 دن اسکریننگ کیلیے مختص ہیں، میڈیکل ٹیسٹ لے کر ڈیٹا تیار کیا جائے گا،اگلے مرحلے میں صبح و شام ٹریننگ کا آغاز ہوگا،15روزہ شیڈول میں زیادہ تر فٹنس کا معیار بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی، نیشنل اکیڈمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم نے پلان کو حتمی شکل دیدی، رہنمائی کیلیے چیف سلیکٹر اور قومی ٹیم کے منیجر معین خان بھی موجود ہونگے۔


تفصیلات کے مطابق گذشتہ چند ایونٹس کے دوران پاکستان کرکٹ کی ناقص کارکردگی میں فٹنس مسائل کا بھی خاصا عمل دخل رہا، چیف سلیکٹر اور ٹیم منیجر معین خان صرف سپر فٹ کھلاڑیوں کو زیر غور لانے کا بار بار ذکر کرتے رہے ہیں، بولنگ کوچ کے عہدے سے ہٹاکر نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ بنائے جانے والے محمد اکرم نے ورلڈ کپ 2015کا جو پلان چیئرمین نجم سیٹھی اور بورڈ کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے سامنے رکھا، اس میں بھی فٹنس کو خاص اہمیت دی گئی تھی،بالآخر سخت گرمی میں کرکٹرز کے حوصلے آزمانے کیلیے لاہور میں ایک ماہ کے کنڈیشننگ کیمپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا جس کیلیے 36کھلاڑیوں کا اعلان نو منتخب سلیکشن کمیٹی نے پہلے ہی کردیا تھا، آغاز سے ایک روز قبل پیر کو اعزاز چیمہ،عمر امین، سمیع اسلم اور حماد اعظم کو بھی شامل کرکے پی سی بی پینتھرز اور ٹائیگرز کے نام سے 20،20 کھلاڑیوں کے اسکواڈز تشکیل دے دیے گئے، ابتدائی2 دن اسکریننگ کیلیے مختص کیے گئے ہیں۔

کرکٹرز کے میڈیکل اور بلیب ٹیسٹ لینے کے بعد فٹنس کا مکمل ڈیٹا تیار کیا جائے گا، اس کی روشنی میں ہر کھلاڑی کیلیے آئندہ کا پلان تیار ہوگا،اگلے مرحلے میں 8 مئی سے ٹریننگ کا آغاز ہوجائے گا، پہلا سیشن صبح 7سے 9 بجے تک شیڈول ہے، دوسرے مرحلے میں کھلاڑی شام ساڑھے 4سے ساڑھے 6 بجے تک سرگرم ہوںگے، پینتھرز قذافی اسٹیڈیم اور ٹائیگرز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کرینگے، ہر سیشن کے بعد دونوں اسکواڈز کے مقامات آپس میں تبدیل ہوتے رہیں گے، بورڈ ذرائع کے مطابق کیمپ کے ابتدائی2ہفتوں میں زیادہ تر فٹنس کا معیار بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی،کھلاڑی اپنی مرضی سے ہلکی پھلکی بیٹنگ اور بولنگ پریکٹس کرسکیں گے۔

پی سی بی پینتھرز میں احمد شہزاد، توفیق عمر، عمران فرحت، یاسر حمید، مصباح الحق، عمر اکمل، فیصل اقبال، حارث سہیل، فواد عالم، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، عبدالرحمان، عاطف مقبول، عمر گل، احسان عادل، وہاب ریاض، راحت علی، محمد سمیع، عدنان اکمل، بابر اعظم کو شامل کیا گیا ہے، ٹائیگرز کا اسکواڈ ناصر جمشید، شرجیل خان، شان مسعود، خرم منظور، یونس خان، اسد شفیق، اظہر علی، صہیب مقصود، عمر امین، محمد حفیظ، انور علی، ذوالفقار بابر، رضا حسن، یاسر شاہ، محمد طلحہ، محمد عرفان، بلاول بھٹی، اعزاز چیمہ، سرفراز احمداور سمیع اسلم پر مشتمل ہوگا۔کراچی کے کرکٹرز کی این سی اے آمد پیر کی شب ہوئی جبکہ لاہور اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے براہ راست کیمپ کو جوائن کریںگے۔
Load Next Story