انٹر پری انجینئرنگ میل کی داخلہ فہرست جاری

50فیصد سے کم نمبر کے حامل امیدواروں کو انجینئرنگ میں داخلے نہیں دیے گئے

پروفیسرڈاکٹرناصرانصارنے بتایاکہ پری انجینئرنگ میں سب سے زیادہ 739 نمبرو ںپر داخلے آدم جی سائنس کالج میں بند ہوئے۔ فوٹو: فائل

کراچی کے سرکاری کالجوں میں انٹر سال اول کے داخلوں کے لیے قائم مرکزی داخلہ کمیٹی نے پیر کو انٹر سائنس پری انجینئرنگ میل اور کمپیوٹر سائنس میل /فیمیل کی داخلہ فہرست جاری کردی۔

داخلہ فہرست ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر ناصر انصار نے ایک پریس بریفنگ میں جاری کی، اس مو قع پر وزیر تعلیم کے کوآرڈینیٹر برائے کالجز نوید زبیری اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر افضال احمدبھی موجود تھے، ڈاکٹر ناصر انصار نے بتایا کہ رواں برس 96 ہزار داخلہ فارم فروخت اور80500جمع ہوئے۔

میٹرک میں50 فیصد سے کم نمبر لانے والے امیدواروں کو پری انجینئرنگ میں داخلے نہیں دیے گئے ہیں جبکہ امیدواروں کی سہولت کی خاطر داخلے کے وقت حلف نامے کی شرط ختم کردی گئی ہے، اس کے علاوہ کالج داخلہ فارم کی فیس صرف10روپے مقرر کی گئی جبکہ کتابچہ کی قیمت25 روپے سے زیادہ نہیں رکھی گئی، ایک کالج سے دوسرے کالج میں تبادلے پرپابندی ہوگی۔


پروفیسرڈاکٹرناصرانصارنے بتایاکہ پری انجینئرنگ میں سب سے زیادہ 739 نمبرو ںپر داخلے آدم جی سائنس کالج میں بند ہوئے، ملیر کینٹ کالج میں 706، ڈی جے سائنس کالج میں 710 اور دہلی انٹر سائنس کالج میں 701 نمبرورں پر داخلے بند ہوئے۔

کمپیوٹر سائنس بوائز میں سب سے زیادہ 673 نمبروں پر داخلے آدمجی کالج میں ، ملیر کینٹ کالج میں665، گلشن کالج بلاک 7 میں 636 ،نیشنل کالج میں 608، اسلامیہ سائنس کالج میں 604 اور اور ایس ایم گورنمنٹ سائنس کالج میں 620 نمبروں پرداخلے بند ہوئے۔

کمپیوٹر سائنس طالبات میں پی ای سی ایچ ایس گرلز کالج میں سب سے زیادہ 691،ملیر کینٹ میں 669، سینٹ لارنس کالج میں 669، گورنمٹ کالج برائے خواتین ناظم آباد 633 اور اسٹیڈیم روڈ کالج میں داخلے 641 نمبروں پر بند ہوئے۔
Load Next Story