سی آئی ڈی نے پیر آباد سے کالعدم تحریک طالبان کے2ملزمان کو گرفتار کرلیا

ملزمان شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ اور دکانداروں سے بھتہ طلب کرنے کی بھی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ پولیس نے حب ریور روڈ سے مقابلے کے بعدگینگ وارکے2ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ فوٹو : فائل

سی آئی ڈی انسداد انتہا پسندی سیل نے کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے کے الزام میں2 ملزمان کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

جبکہ ایس آئی یو پولیس نے حب ریور روڈ سے لیاری گینگ وارکے 2 ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ، تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سی آئی ڈی انسداد انتہا پسندی سیل گارڈن چوہدری اسلم کی نگرانی میں پولیس پارٹی نے پیر آباد کے علاقے پراچہ قبرستان کے قریب چھا پہ مار کر کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے کے الزام میں2 ملزمان نوران گل اور دوست مال کوگرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا ۔


چوہدری اسلم کے مطابق گرفتار ملزمان کالعدم تحریک طالبان پاکستان کراچی کے اہم رکن ہیں اوردونوں نے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی ہوئی ہے، ملزم دوست مال 2008 میں کراچی کے علاقے گیدڑ کالونی کا کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا امیر بھی رہا ہے جبکہ ملزم نوران گل کراچی میں وزیرستان و دیگر علاقوں میں زخمی ہونیوالے کالعدم تحریک طالبان کے اہم کمانڈرز کو کراچی میں رہائش اور علاج معالجے کی سہولت بھی فراہم کرتا رہا ہے۔

2009 میں سی آئی ڈی سول لائن میں مقدمہ نمبر351/12 میں گرفتار ہو چکا ہے،انھوں نے بتایا کہ دونوںگرفتارملزمان کراچی میں تاجر برادری اور دیگرکاروباری افراد سے بھتہ وصولی میں بھی ملوث ہیں اورکالعدم تحریک طالبان پاکستان کراچی کے امیرخان زمان کے قریبی ساتھی ہیں ،ملزمان انتہائی تربیت یافتہ اورشہر میں دہشت گردی کیلیے سرگرم عمل تھے،پولیس ملزمان سے مزید تحقیقات کررہی ہے۔

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ پولیس نے حب ریور روڈ سے مبینہ مقا بلے کے بعد2 ملزمان محمد رفیق عرف میمن اور محمد صدیق عرف میمن کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ، ملزمان کے قبضے سے8MM رائفل اور پستول برآمد ہوا ہے، دونوں ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے اور انھوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران نپیئر اور بغدادی کے علاقوں میں 4 افراد کامران ، عبدالرحمن ،عبدالغنی اور مشہود نامی شخص کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا ، پولیس نے مزیددعویٰ کیا ہے کہ ملزمان شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ اور دکانداروں سے بھتہ طلب کرنے کی بھی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں ۔
Load Next Story