ایس ایم آرٹس کالج میں نقل کا معاملہ پروفیسر اور غیر تدریسی عملے کے3 رکن ذمے دار قرار

تحقیقاتی کمیٹی کی کارروائی کی سفارش،غیرمتعلقہ افرادکی جانب سے امیدواروں سے کھلے عام رقم وصول کرنے کا بھی انکشاف

پروفیسر یوسف اور غیرتدریسی عملے کے افراد کا فوری تبادلہ کیا جائے،رپورٹ، نقل سے تنگ آکر سابق پرنسپل عہدہ چھوڑ چکے ہیں فوٹو: فائل

انٹرکے جاری سالانہ امتحانات کے دوران ایس ایم آرٹس اینڈ کامرس کالج میں بدترین نقل کی اطلاعات پر قائم تحقیقاتی کمیٹی نے کالج کے پروفیسر اور غیر تدریسی عملے کے افراد کو معاملے کا ذمے دار قرار دے دیا ہے اور ان کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔

تحقیقاتی کمیٹی نے کالج کی حدود میں غیرمتعلقہ افرادکی جانب سے امیدواروں سے کھلے عام رقم وصول کرنے کی مصدقہ اطلاعات ہیں، اس بات کا انکشاف4 رکنی تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے محکمہ تعلیم کو پیش کی گئی رپورٹ میں کیا گیا ہے، ڈائریکٹر جنرل کالجز پروفیسر ناصر انصار کی سفارش پر ریجنل ڈائریکٹر کالجز پروفیسر انعام احمد نے کمیٹی قائم کی تھی جس کے اراکین میں ایڈیشنل سیکریٹری کالجز وحید شیخ، ڈی جے سائنس کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد، گورنمنٹ کالج نبی باغ کے پرنسپل پروفیسر اقرار حسین جعفری، ڈپٹی ڈائریکٹر ریجنل عزیز فاطمہ اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ڈپٹی کنٹرولر دبیر احمد شامل تھے۔


تاہم دبیراحمد تحقیقاتی عمل میں شریک نہیں ہوئے، ''ایکسپریس'' کو محکمہ تعلیم کے افسر نے بتایا کہ تحقیقاتی کمیٹی نے رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ایس ایم آرٹس اینڈ کامرس کالج کے اسسٹنٹ پروفیسر یوسف رحمن کالج میں نقل کے ذمے دار ہیں، کالج میں غیرتدریسی عملے کو بھی امتحانی ڈیوٹیاں تفویض کی گئی تھیں، جونیئر کلرک جاوید، نائب قاصد برکت جبکہ جونیئرکلرک محمد یوسف کو بھی امتحانی عمل میں شامل کیا گیا تھا، تحقیقاتی ٹیم کے مطابق انھوں نے30 اپریل کو کالج کا دورہ کیا تو معلوم ہوا کہ کالج میں چوکیدار کے طور پر ملازمت کرنے والے2 افراد ثمرگل اور رانو خان اپنی ڈیوٹی پر موجود ہی نہیں تھے ۔

جبکہ ایک غیرمتعلقہ شخص امتحان دینے کے لیے آنے والے طلبہ سے صرف ان کے بستے رکھنے کے لیے بھی رقم وصول کرتا رہا، جب کالج کے ''فیکٹوڈم'' اسسٹنٹ پروفیسر یوسف رحمن سے اس بارے میں دریافت کیا گیا تو وہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکے، ذرائع نے بتایا کہ تحقیقاتی کمیٹی نے مذکورہ استاد اور غیرتدریسی عملے کے تینوں افراد کے کالج سے فوری تبادلے اور ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی سفارش کی ہے، تحقیقاتی رپورٹ مزیدکارروائی کے لیے صوبائی محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران کے حوالے کردی گئی ہے، یاد رہے کہ کالج میں نقل سے تنگ آکر ایس ایم آرٹس اینڈ کامرس کالج کے پرنسپل پروفیسر فضل محممود نے اپنا عہدہ چھوڑ دیا تھا جس پر پروفیسر صالح عباس کو پرنسپل کا چارج دیا گیا تھا۔
Load Next Story