ملک کی تقدیر ایماندار قیادت ہی بدل سکتی ہےقاضی حسین

پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے مگر کرپٹ حکمرانوں نے معاشی بدحالی کا شکار کردیا۔

قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے۔ فوٹو: فائل

جماعت اسلامی کے سابق امیر و ملی یکجہتی کونسل کے صدر قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے۔

مگر کرپٹ حکمرانوں نے معاشی بدحالی کا شکار کردیا ہے، ملک کی تقدیر صرف ایماندار قیادت ہی بدل سکتی ہے، اتحاد امت کو پارہ پارہ کرنے والے ہمارے اصل دشمن ہیں، جب ہم متحد ہوکر میدان میںنکلیں گے تو امن بھی قائم ہوگا اور خوشحالی بھی آئے گی۔


ان خیالات کا اظہار انھوں نے بنارس چوک پر اتحاد امت یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کنونشن سے کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، اسحاق خان، شباب ملی کراچی کے صدر سیف الدین، لئیق خان، حمید اللہ خان ایڈووکیٹ، عظیم بلوچ، نذر برکی اور دیگر نے خطاب کیا، قاضی حسین احمد نے کہاکہ مل جل کر رہنا انسانی ضرورت ہے۔

جب لوگ ایک دوسرے کے حقوق ادا کریں تو زمین عدل سے بھرجاتی ہے، عدل و انصاف کا قیام ہی نبی کریمؐ کی زندگی کا مقصد تھا، جو لوگ امت کو فرقوں میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں وہ ہمارے دشمن ہیں۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ مہاجر، سندھی، پٹھان اور بلوچی سب متحد ہوں، ایک دوسرے کا ساتھ دیں، ظلم سے روکیں اور ظالموں کیخلاف یک آواز ہوجائیں، انھوں نے کہاکہ قیادت کی تبدیلی کے بغیر خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، محمد حسین محنتی نے کہاکہ تبدیلی نوجوانوںکی جدوجہد سے ہی آتی ہے۔
Load Next Story