مجلس وحدت مسلمین کی ریلی میں زخمی ہونیوالا کارکن چل بسا

علی کوامریکی قونصل خانے کے قریب گولی لگی تھی،نمازجنازہ شارع پاکستان پرادا کی گئی۔

مجلس وحدت مسلمین کی ریلی میں فائرنگ سے ہلاک ہونیوالے کارکن کی نماز جنازہ کے بعد دعا کی جارہی ہے فوٹو : ایکسپریس

QUETTA:
مجلس وحدت مسلمین کی ریلی میں امریکی قونصل خانے کے قریب فائرنگ سے سر پرگولی لگنے سے زخمی ہونے والے سید علی رضا تقوی نے دوران علاج دم توڑ دیا ۔

مقتول کی نماز جنازہ انچولی شارع پاکستان پر ادا کی گئی، اس موقع پر علاقے کی دکانیں وکاروبار بند رہا جبکہ کشیدگی پھیلی رہی، نامعلوم افراد نے سمن آبا دکے قریب ایک بس کو نذرآتش کر دیا۔


تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام گستاخانہ فلم کے خلاف نکالی جانے والی لبیک یارسول اﷲ ریلی کے موقع امریکی قونصل خانے کے قریب فائرنگ سے زخمی ہونیوالے علی رضا تقوی نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نجی اسپتال میں دوران دم توڑ دیا ۔

مقتول کے سر پرگولی لگی تھی اور انھیں انتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال لایا گیا تھا جہاں سے انھیں نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ، مقتول مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری علامہ سید صادق رضا تقوی کے بھائی تھے، مقتول کی نماز جنازہ پیرکو بعد نماز مغربین فیڈرل بی ایریا بلاک 17 انچولی شارع پاکستان پر ادا کی گئی جنھیں بعدازاںوادی حسین قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

اس موقع پر علاقے میں سخت کشیدگی پھیلی رہی اور نامعلوم افراد کی جانب سے کی جانے والی ہوائی فائرنگ سے دکانیں وکاروبار بند ہوگیا جبکہ نامعلوم افراد نے سمن آباد کے قریب روٹ5-C کی بس کونذر آتش کر دیا تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر بس کو مکمل طور پر جلنے سے بچالیا۔

Recommended Stories

Load Next Story