رینجرز کی کارروائیوں میں13 مشتبہ افراد زیر حراست

کالعدم تنظیم کے کمانڈر اور اس کے ساتھیوں کی اطلاع پر ٹارگٹڈ کارروائی کی گئی

پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں سے2بھتہ خوروں سمیت83 ملزم گرفتار کرلیےفوٹو: فائل

رینجرز نے بلدیہ ٹاؤن اور سائٹ میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر اور اس کے ساتھیوں کی موجودگی کی اطلاع پر محاصرہ کر کے ایک درجن سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

پولیس نے2بھتہ خور اور پولیس مقابلے میں زخمی ملزم سمیت مجموعی طور پر83ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ، دستی بم اور چرس برآمدکرلی، تفصیلات کے مطابق رینجرز نے جمعرات کی علی الصباح بلدیہ ٹاؤن، میٹروول سائٹ اور محمد خان کالونی بلدیہ ٹاؤن میں کالعدم تحریک طالبان کے کمانڈر خان زمان اور اس کے ساتھیوں کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ایک درجن سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، رینجرز نے مزار قائد کے قریب شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے ملزم کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔


ذرائع کے مطابق ملزم کو بریگیڈ پولیس کے حوالے کر دیا گیا،علاوہ ازیں اتحاد ٹاؤن پولیس نے بلدیہ ٹاؤن گلشن غازی میں کارروائی کرتے ہوئے2ملزمان حسن زیب اور عجب خان کو گرفتار کر کے2پستول ، بھتے کی کال کیلیے استعمال کی جانے سم اور موبائل فون برآمد کرلی، ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن شہزاد نے بتایا کہ ملزمان نے مقامی تاجر لیاقت سے10لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا اور نہ دینے کی صورت میں اسے اور اس کے اہل خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔

ملزمان سے 2 لاکھ روپے میں معاملہ طے ہوا تھا، ملزمان کی بتائی ہوئی جگہ پر جب لیاقت رقم دینے پہنچا تو منصوبے کے تحت پہلے سے سادہ لباس اہلکار ملزمان کو بھتے کی رقم وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا،فیروز آباد پولیس نے مقابلے کے بعد ملزم عرفان ولد سعید کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ٹی ٹی پستول ، چھینی گئی موٹر سائیکل اور3 موبائل فون برآمد کرلیے،ایک ملزم فرار ہوگیا، پولیس کے مطابق ملزمان شہید ملت روڈ گلستان چورنگی کے قریب اسلحہ کے زور پر لوٹ رہا تھا کہ گشت پر مامور پولیس موبائل موقع پر پہنچ گئی، کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پولیس اور سی آئی اے نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے مجموعی طور پر80 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
Load Next Story