جیو اور اس کو اشتہارات دینے والوں کا بائیکاٹ کیا جائے علما

مقدس ہستیوں کے ساتھ سلوک پلاننگ کے ساتھ کیا جا رہا ہے،مبشر لقمان،جیو کو بند کر دیا جائے، مولانا احمد لدھیانوی

جیوکو بند ہونا ہوگا،صاحبزادہ حامد رضا، خاموش نہیں رہ سکتے، عارف حمید ،نیا لائحہ عمل بنائیں گے، کیبل آپریٹرز، نجی ٹی وی پر اظہار خیال۔ فوٹو: فائل

ممتاز علمائے کرام نے کہا ہے کہ جیو اور اس کو اشتہارات دینے والوں کا بائیکاٹ کیا جائے، ایک نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علما نے کہا کہ جیو نے اہل بیتؓ کی شان میں گستاخی کی۔

پروگرام کے میزبان مبشر لقمان نے اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر اہل بیتؓ اور صحابہؓ کی شان میں گستاخی ہو اور ہم کھڑے نہ ہوں تو ہمیں خود کو مسلمان کہنے کی ضرورت بھی نہیں، انھوں نے کہا کہ جیو کے گستاخانہ پروگرام نے تمام ملک اور مسالک کے مسلمانوں کو اکٹھا کر دیا ہے۔ جن کی شان اللہ نے بنا دی ہو ہمیں ان کے بارے میں اپنی زبانوں کو کنٹرول کرنے کی ضروت ہے۔ مبشر لقمان نے کہا کہ کئی گھنٹے کا گستاخانہ پروگرام چلانے کے بعد جیو نے صرف 36سیکنڈ کا معافی نامہ چلا یا ہے۔ میں اکیلا شو نہیں کر رہا بلکہ میرے ساتھ پوری ٹیم ہے، ڈائریکٹر پروگرام خود اسے مانیٹر کرتے ہیں ٹیم تمام معاملات کا تعین کر کے پروگرام کرتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ جیو نے کئی مرتبہ فرقہ واریت کو ہوا دی اور ایسے مواقع پیدا کیے کہ مختلف مسالک کے لوگوں میں بدگمانی پیدا ہو، میں نے پیمرا سے خود کہاتھاکہ مارننگ شو کو دیکھیں کہ یہ کیا کر رہے ہیں لیکن پیمرا نے کان نہیں دھرا، جیو کے گستاخانہ پروگرام پر ہر مسلمان اسی طرح سوچے گا جس طرح میں سوچ رہاہوں، اس کیلیے عالم ہونا ضروری نہیں۔ حضرت بی بی فاطمۃ الزہرہؓ نے حضرت علیؓ سے کہاتھاکہ میرا جنازہ رات کی تاریکی میں اٹھانا کیونکہ میں نہیں چاہتی کہ اس پر کسی غیر محرم کی نظر پڑے، ایسی پاک ہستیوں کے ساتھ ایساسلوک پاکستان میں پلاننگ کے ساتھ کیاجا رہاہے اور پر داڑھی والے کو مولوی قرار دیاجا رہاہے، بے راہ روی پھیلائی جا رہی ہے حالانکہ پیمرا کا قانون کہتا ہے کہ بے راہ روی نہیں پھیلائی جا سکتی، لیکن اس پر وہ بھی خاموش ہیں کہیں ایسا تو نہیں کہ وہ رشوت لیکر خاموش ہوں۔


پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اہلسنت والجماعت کے مولانا احمد لدھیانوی نے کہا کہ مجھے آج ہی جیو کے گستاخانہ پروگرام کے بارے میں پتہ چلا، صحابہ ؓ اور اہل بیتؓ پر ایمان لائے بغیر ہمارا یمان مکمل نہیں ہوتا، پہلے جیو حکومت کی گرفت میں تھا لیکن اب لگتا ہے کہ اللہ کی گرفت میں آگیا ہے، پہلے میرا بھی یہ خیال تھا کہ اسے بند نہ کیاجائے لیکن اب میں بھی کہتا ہوں کہ اسے بند کر دیا جائے۔ مجھے افسوس ہے کہ کہاں خاتون جنتؓ اور حضرت علی مرتضیٰ ؓجن کی پرورش اللہ کے رسولؐ کے گھر میں ہوئی ان کی نسبت آجکل کے کیسے لوگوں کے ساتھ کی جا رہی ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہاکہ ہمارا فواج پاکستان کے حوالے سے احتجاج چل رہا تھا، ہمارے رہنما طارق محبوب کے گھر جاکر دھمکی دی گئی کہ اگر آپ نے جیو کیخلاف احتجاج بند نہ کیاتو آپ کو سنگین نتائج بھگتناہونگے اور آپ کی بوری بند لاش ملے گی۔ انھوں نے کہاکہ اگر ہمارے کسی کارکن کو کچھ ہوا تو کراچی پولیس چیف شاہد حیات بھی ا سکے ذمے دار ہونگے۔ فتاوٰی کونسل نے پوائنٹ آئوٹ کیا ہے کہ جب قر آن کا تذکرہ کیاجا رہاتھا تو بھی جوتیاں لہرائی جا رہی تھیں ، یہ حدود اللہ کا معاملہ ہے اس میں اب معافی کا معاملہ نہیں رہا، یہ کوئی ذاتی معاملہ نہیںجس پر معافی دی جاسکے،کراچی میں دھرنا دیں گے اور اگر اس پر بھی شنوائی نہ ہوئی تو سارا ملک جام ہوگا۔

جیو کو بند ہونا ہوگا، کل جمعہ کی نماز کے بعد ہم ساری مساجد میں یہ عہد لیں گے کہ کوئی جیو کو نہ دیکھے اور اسکواشتہار دینے والوں کا بھی بائیکاٹ کیاجائے ۔ مذہبی اسکالر عارف حمید نے کہاکہ جیو نے جو کچھ کیا اسکے بعد ہم عذاب کے منتطرہیں۔ فحاشی اور عریانی کے بعد ہم توہین اہل بیتؓ پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ جیو کا بائیکاٹ کیا جائے اور اسے اشتہارات دینے والوں کا بھی، حدیث ہے کہ جوکوئی فاسق کا ساتھ دے گا وہ دین کی جڑیں کاٹے گا۔کیبل آپریٹرز کے صدر خالد آرائیں نے کہا کہ ہم نے کل کراچی میں ملک بھر کے کیبل آپریٹرز کا اجلاس بلایا ہے اور اس سلسلے میں لائحہ عمل تیار کریں گے کیونکہ ہم پہلے مسلمان ہیں اور بعد میں سب کچھ ہیں۔
Load Next Story