لگتا ہے پیمرا نے جیو کو بچانے کیلیے ڈنڈی ماری اسرار عباسی

پیمرا نے اب تک اپنی ذمے داری پوری نہیں کی، اسرار عباسی

پیمرا مردہ پڑا ہے، ایاز خان، تاریخ میں مقدس شخصیات کا اتنا تمسخر نہیں اڑایا گیا، اوریا مقبول فوٹو : ایکسپریس / فائل

پیمرا کے رکن اسرار عباسی نے کہاہے کہ جیو کے مارننگ شو ''اٹھو جاگو پاکستان''کو جن شقوں کے تحت شوکاز نوٹس بھیجاگیا، اس سے لگتا ہے کہ انھیں بچانے کیلیے ڈنڈی ماری گئی ہے۔

انھوں نے ایکسپریس نیوزکے پروگرام خبرسے آگے میں میزبان نبیلہ سندھوسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جیوکو پیمرا ایکٹ کے سیکشن 26کے تحت نوٹس دیا گیا ہوگاجبکہ سکیشن27کے تحت یہ پروگرام بند کردیا گیا ہو گاحالانکہ 26/5 کے تحت نوٹس دیناچاہیے تھا۔ اسرارعباسی نے ایک سوال پرکہا کہ پیمرا نے اب تک اپنی ذمے داری پوری نہیں کی، وہ آئی ایس آئی کے خلاف مہم پر اس چینل کو پہلے بھی شوکاز نوٹس جاری کر سکتا تھا تاہم چیئرمین نہ ہونے کے باعث ایسا نہیں کیا جا سکا، ہم3لوگ چیئرمین کے اختیارات استعمال کر رہے تھے، یہ بھی ابہام تھا کہ اس کے اختیارات کیا ہیں؟4،5 ارکان حکومتی ہدایات سے باہر نہیں جائیں گے، جو وزارت داخلہ سے آتی ہیں، وزارت قانون کے تاثرات جاننے کیلیے لکھے گئے خط پرہمارے تحفظات ہیں۔


مولانا طاہر اشرفی نے کہاکہ جیو ہمارا ایمان تباہ کرنے پرتلا ہواہے، میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے، اسی پروگرام میں4روز پہلے ایک بچے کویہ کہتے ہوئے دکھایا گیا کہ وہ اپنی استانی سے محبت کرتاہے،اہل بیتؓ اور صحابہؓ سے محبت کیلیے ہم کسی فتوے کے محتاج نہیں، ان کیلیے اپنی جانیں دیناحق سمجھتے ہیں،ہم کسی کو بدمعاشی نہیں کرنے دینگے،جیوکی طرف سے24گھنٹے میں اس پروگرام کے ذمے داروں کو برطرف کرنے تک ہر پاکستانی اس چیینل کا بائیکاٹ کرے،چند افرادکے بجائے انتظامیہ خود معافی مانگے۔

مفتی عبدالقوی نے کہا کہ جیو نے اپنے غلیظ اور بھیانک کردارسے پوری امت مسلمہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی، اہل بیتؓ اور صحابہؓ کرام کے حوالے سے گستاخی کرنے والوں کااسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ روزنامہ ایکسپریس کے سینئر ایڈیٹر ایاز خان نے کہا کہ جیو نے گستاخی کے مرتکب پروگرام کو بند نہیں صرف معطل کیا جبکہ عامر لیاقت حسین نے جس انداز میں معذرت کی،اس سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات اور زیادہ مشتعل ہوئے ہیں۔ پیمرا اس وقت مردہ ہوا پڑاہے، اس نے آئی ایس آئی چیف کے خلاف مہم کے وقت کوئی کارروائی کی ہوتی توآج یہ نوبت نہ آتی۔

سنیئرکالم نگار اوریا مقبول جان نے کہاکہ بھیانک غلطی کرنے والوں کو سزا ملنی چاہیے، ملکی تاریخ میں مقدس شخصیات کا اتنا تمسخر نہیں اڑایا گیا،جیسا جیو کے پروگرام میں کیا گیا،یہ چینل شخصیات کو ہدف بنا کر مذاق اڑاتا ہے، قوالی کو اداکارہ کے ساتھ جوڑناعجیب وغریب ہے،لگتا ہے کہ پورا جیو چند ناچنے والیوں یا ایک کیمرہ مین کے ہاتھ میں گھوم رہاہے۔انھوں نے ایک سوال پرکہا کہ حکومت دانستہ غلطیاں کررہی ہے،وزارت دفاع کی درخواست کووزارت قانون کی طرف بھیجنامذاق ہے۔
Load Next Story