بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی پر احتجاجی مظاہرے

فیڈرل بی ایریا، کورنگی، اورنگی ٹائون اور موسیٰ کالونی میں احتجاج کے دوران مشتعل مکینوں نے سڑکوں پر ٹائر جلائے

فیڈرل بی ایریا، کورنگی، اورنگی ٹائون اور موسیٰ کالونی میں احتجاج کے دوران مشتعل مکینوں نے سڑکوں پر ٹائر جلائے فوٹو: ایکسپریس

گرمی کی شدت کے ساتھ ساتھ بجلی اور صاف پانی کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے ، شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف فیڈرل بی ایریا ، کورنگی ، اورنگی ٹاؤن اور موسیٰ کالونی میں احتجاج کے دوران مشتعل مکینوں نے سڑک پر ٹائر جلائے اور نعرے بازی کی۔

ہنگامہ آرائی کے باعث ٹریفک معطل ہوگیا، تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں فیڈرل بی ایریا ، موسیٰ کالونی ، کورنگی عوامی کالونی اور اورنگی ٹاؤن سیکٹر10میںبجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور گزشتہ 15روز سے زائد عرصہ سے پانی کی عدم فراہمی پر علاقہ مکین مشتعل ہوکر سڑکوں پر نکل آئے ، مظاہرین نے پتھراؤ کر کے ٹریفک معطل کرا دیا اور سڑک پر ٹائر جلائے ، مظاہرین میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل تھی ، مظاہرین نے کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔


پولیس کے مطابق فیڈرل بی ایریا موسیٰ کالونی کے مکین بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ جبکہ کورنگی عوامی کالونی اور اورنگی ٹاؤن سیکٹر10کے مکین پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج کررہے تھے ، تمام جگہوں پر علاقہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ، پولیس افسران نے احتجاج کرنے والے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کے وہ کے الیکٹرک سے بات چیت کر کے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ ختم کرائیں گے جبکہ واٹر بورڈ کی انتظامیہ سے بات چیت کر کے صاف پانی کی فراہمی بھی بحال کرانے کی کوشش کریں گے جس پر مظاہرین چکنی چپڑی باتوں میں آتے ہوئے منتشر ہو گئے تاہم اس دوران مذکورہ علاقوں میں ٹریفک جام رہا اور گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

مظاہرین کے منتشر ہونے کے بعد پولیس نے ٹریفک کی روانی بحال کرا دی، علاوہ ازیںاورنگی ٹائون میں پانی کی قلت کے خلاف علاقہ مکینوں نے اتوار کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا،علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ انتظامیہ ٹینکرز مافیا کے ساتھ مل کر عوامی ضرورت کا پانی پیسے لے کر فروخت کررہے ہیں، جس کی وجہ سے اورنگی ٹائون کی بسم اللہ کالونی، ہزارہ محلہ، خٹک محلہ اور مدنی محلہ میں پانی کی شدید قلت ہے،ان علاقوں میں پانی کی بحالی کے لیے رشوت طلب کررہے ہیں، علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات سے اپیل کی کہ اورنگی ٹائون کے ان علاقوں میں عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے اور کراچی واٹر بورڈ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
Load Next Story