روم ماسٹرز ٹینس سارا کے خواب ادھورے سرینا ولیمز کا ٹرافی پر قبضہ برقرار

نئی تاریخ رقم کرنے کی امیدیں اطالوی پلیئر کے لیے حسرت بن کر رہ گئیں، میچ کے اختتام پر وہ زاروقطار روتی رہیں۔

روم ماسٹرز ٹینس میں اعزاز کا دفاع کرنے والی امریکی اسٹار سرینا ولیمز کا فاتحانہ انداز، انھوں نے فائنل میں اطالوی حریف سارا ایرانی کو ہرایا۔ فوٹو: اے ایف پی

روم ماسٹرز میں سرینا ولیمز نے سارا ایرانی کے خوابوں کو پائوں تلے روندڈالا، ٹائٹل جیت کر فرنچ اوپن کے لیے خطرناک عزائم ظاہر کردیے۔

نئی تاریخ رقم کرنے کی امیدیں اطالوی پلیئر کے لیے حسرت بن کر رہ گئیں، میچ کے اختتام پر وہ زاروقطار روتی رہیں، انھیں پہلے سیٹ میں تھائی انجری نے مزید مشکل میں ڈالے رکھا، مینز سنگلز میں دفاعی چیمپئن رافیل نڈال کو سربیا کے نووک جوکووک نے ٹھکانے لگادیا۔ادھر نیورمبرگ اوپن میں جرمن پلیئر مونابارتھیل، جاپانی عمررسیدہ کھلاڑی کرومی نارا اور میزبان اینا لینا گرونفیلڈ نے پہلا مرحلہ عبورکرلیا۔تفصیلات کے مطابق ورلڈ نمبر ون سرینا ولیمز نے روم ماسٹرز کا ٹائٹل مسلسل دوسری مرتبہ اپنے نام کیا ہے، اس بار فائنل میں انھوں نے اٹلی کی سارا ایرانی کو 6-3 اور 6-0 سے ٹھکانے لگایا، اس فتح کے ساتھ ہی انھوں نے سال کے دوسرے گرینڈ سلم فرنچ اوپن کیلیے خطرناک عزائم بھی ظاہر کردیے ہیں۔


سارا ایرانی کو اپنے ہوم کرائوڈ کی بھرپور سپورٹ حاصل تھی اور وہ 29 برس میں ویمنز ایونٹ جیتنے والی اطالوی پلیئر کا اعزاز حاصل کرنے کو بیتاب تھیں لیکن قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا ویسے بھی ماضی کا ریکارڈ بھی ان کے خلاف ہی تھا، سارا اس سے قبل امریکی حریف سرینا ولیمز کے ہاتھوں 6 مرتبہ شکست سے دوچار ہوچکی تھیں، اس لیے فائنل میں ان کو ویسے بھی فیورٹ قرار نہیں دیا جارہا تھا اور پھر ان کے لیے صورتحال اس وقت اور بھی دشوار ہوگئی جب پہلے سیٹ کے اختتام پر وہ تھائی انجری کا شکار ہوگئیں، کرائوڈ مسلسل ان کی حوصلہ افزائی کرتا رہا مگر وہ سرینا کے پاورفل کھیل کے سامنے مکمل طور پر بے بس دکھائی دیں۔

وہ اس وقت انجرڈ ہوئیں جب سرینا کو گیند ریٹرن کرنے کی کوشش کررہی تھیں، اس شاٹ پر فرنچ اوپن کی دفاعی چیمپئن سرینا ولیمز کو اس سیٹ میں 5-3 کی برتری اور پھر پہلا سیٹ 6-3 سے ان کے نام رہا، آخری مرتبہ اٹالین اوپن ٹائٹل 1985 میں اطالوی ویمنزپلیئر رافیلا ریگی نے جیتا تھا، سرینا نے اس مقابلے میں ایک گھنٹے اور 12 منٹ میں فتح پائی۔ مینز سنگلز فائنل میں سربیا کے نووک جوکووک نے دفاعی چیمپئن اور سات مرتبہ کے فاتح رافیل نڈال کو ابتدائی سیٹ ہارنے کے باوجود زبردست کم بیک کرتے ہوئے 4-6،6-3 اور6-3 سے ٹھکانے لگادیا، ورلڈنمبر2 جوکووک نے روم کے ریڈ کلے پر تیسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، وہ اس سے قبل 2008 اور2011 میں بھی روم ماسٹرز کی ٹرافی اپنے نام کرچکے ہیں۔

دریں اثنا جرمنی میں شروع ہونے والے نیورمبرگ اوپن کے پہلے رائونڈ میں سلواکیہ کی پولونا ہیرکوگ نے جمہوریہ چیک کی تھرڈ سیڈ کلارا زاکوپالووا کو 1-6، 6-2، 6-1 سے مات دی، جرمنی کی اینا لینا نے آسٹریلیاکی لزا ماریا کو 3-6، 6-0 اور 6-1 سے پچھاڑا، جرمنی کی ہی مونا بارتھیل نے سوئٹزرلینڈر کی بیلنڈا بینکک کو 7-6 (7/4) اور 6-3 سے قابو کیا، جاپان کی 6 سیڈ کرومی نارا نے رومانیہ کی مونیکا نکولیسکو کو 6-3 اور 6-4 سے زیر کیا۔ ادھر جرمنی میں ہی شروع ہونے والے اے ٹی پی ڈیزلڈورف ایونٹ کے پہلے رائونڈ میں فرانس کے ایڈرین مانارینو نے آسٹریلیا کے مارنکو ماٹوسیوک کو 3-6، 6-3 اور 6-4 سے شکست دی۔
Load Next Story