کرس کینز کا بھانڈا بیچ چوراہے میں پھوٹ گیا

لوگ نتیجہ نکالنے سے پہلے مکمل حقائق سامنے آنے کا انتظار کریں، کینز

نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹرز لوونسنٹ اور کرس کینز کی ایک پارٹی کے دوران لی گئی تصویر۔ فوٹو: فائل

نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر کرس کینز کا بھانڈا بیچ چوراہے میں پھوٹ گیا، کھلاڑیوں کو فکسنگ کی جانب راغب کرنے والے کرکٹر' ایکس' وہی نکلے۔ کینز نے کہاکہ لوگ نتیجہ نکالنے سے پہلے مکمل حقائق سامنے آنے کا انتظار کریں۔

نیوزی لینڈ کے موجودہ کپتان برینڈن میک کولم نے آئی سی سی کے اینٹی کرپشن و سیکیورٹی یونٹ کو بیان میں کہا تھا کہ ایک پلیئر نے 2 بار انھیں فکسنگ کی آفر کی، اس پلیئر کے لئے 'ایکس' کا کوڈ ورڈ استعمال کیا گیا جبکہ میک کولم نے کہا کہ وہ اسے اپنا ہیرو اور دوست سمجھتے تھے۔ یہ بیان افشا ہوتے ہی سابق کیوی کرکٹر کرس کینز نے برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان پر شک ظاہر کیا جارہا ہے، تاہم اب سامنے آنے والی دستاویزات سے اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ وہ کرکٹر 'ایکس' کوئی اور نہیں بلکہ کرس کینز ہی تھے جن پر میک کولم اور ان سے قبل لو ونسنٹ نے فکسنگ کے حوالے سے الزامات لگائے تھے۔


کینز نے تازہ ترین رپورٹس سامنے آنے کے بعد ایک بار پھر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اس بات کی تردید نہیں کی کہ میں پلیئر ایکس ہوں بلکہ میں نے خود پر عائد الزامات کو مسترد کیا تھا، میں اب بھی اپنے اس بیان پر قائم ہوں کہ میرے بارے میں جو بھی الزامات عائد کیے گئے ان میں کوئی صداقت نہیں ہے، میرا اس بات پر یقین ہے کہ کھیل میں کچھ نادیدہ قوتیں موجود ہیں، ان کے لمبے ہاتھ، بڑی جیبیں اور گہرا اثر رسوخ ہے۔

میں اس بات کو جانتا ہوں کہ میں نے حال ہی میں دنیائے کرکٹ کے کچھ انتہائی طاقتور لوگوں کو پریشان کیا اور خود میں نے کھیل کی موجودہ صورتحال پر اپنی تشویش بھی ظاہر کی، مجھے اچھی طرح معلوم ہے کہ ان چیزوں کی مجھے اب قیمت چکانا پڑرہی ہے، کرس کینز نے کہا کہ میں لوگوں سے کہتا ہوں کہ وہ فوری طور پر کوئی نتیجہ نہ نکالیں اور اس وقت کا انتظار کریں جب تمام حقائق سامنے آجائیں، میرے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے، میں عدالت میں یہ بات ثابت کرچکاکہ فکسر نہیں ہوں اور ایک بار پھر ایسا کرنے کے لیے تیار ہوں۔
Load Next Story