انٹرنیشنل اسکواش پاکستانی پلیئرز ابتدائی راؤنڈ کے مہمان بن گئے

قومی نمبر ون ناصراقبال کو میکس لی نے ہرایا، طیب کو نفزوان کے ہاتھوں شکست

قومی نمبر ون ناصراقبال کو میکس لی نے ہرایا، طیب کو نفزوان کے ہاتھوں شکست فوٹو: فائل

انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ میں پاکستان کے دونوں کھلاڑی ابتدائی رائونڈ کے ہی مہمان ثابت ہوئے، قومی نمبر ون ناصر اقبال ہانگ کانگ کے میکس لی کیخلاف دو گیمز کے خسارے میں جانے کے بعد دستبردار ہوگئے۔


طیب اسلم کی مزاحمت فورتھ سیڈ ملائیشین محمد نفزوان عدنان کے سامنے 61 منٹ بعد دم توڑ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ہانگ کانگ میں جاری انٹرنیشنل پی ایس اے اسکواش ٹورنامنٹ کے ابتدائی رائونڈ میں قومی نمبر ون کھلاڑی ناصر اقبال کا سامنا میزبان فورتھ سیڈ میکس لی سے تھا۔ پہلے گیم میں ناصر کو 5 کے مقابلے میں 11 پوائٹنس سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسرے گیم میں بھی حریف کھلاڑی نے ان کی ایک نہ چلنے دی اور11-7 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقابلہ 2-0 کردیا۔

تیسرے گیم میں ناصر اقبال 1-6 سے پیچھے تھے کہ فٹنس مسائل کی وجہ سے انھوں نے دستبردار ہونے کا فیصلہ کرلیا، دوسرے میچ میں 5 سیڈ ملائیشین محمد نفزوان عدنان کیخلاف کوالیفائر طیب اسلم کوپہلے گیم میں سخت مقابلے کے بعد 12-15 سے شکست ہوئی لیکن دوسرا گیم انھوں نے 11-9 سے جیت کر مقابلہ برابر کردیا۔ بعدازاں وہ اپنی کارکردگی میں تسلسل کو برقرار نہ رکھ پائے۔ ملائیشین پلیئر نے اگلے دونوں گیمز 11-5 اور11-8 سے اپنے نام کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ یادرہے کہ 25 ہزار ڈالر انعامی رقم کے ٹورنامنٹ میں پاکستان کے ایک اور کھلاڑی محمد ثاقب یوسف بھی شریک تھے جن کا سفر کوالیفائنگ فائنل میں ہموطن طیب اسلم کے ہاتھوں تمام ہوگیا تھا۔
Load Next Story