ملیر میمن گوٹھ اور اسٹیل ٹاؤن میں دونوجوانوں کی خودکشی

میمن گوٹھ میں نوجوان نے پانی کے ٹینک میں چھلانگ لگاکر جان دی، اسٹیل ٹاؤن میں نوجوان نے اپنے پستول سے خود کو گول مارلی

(فوٹو : فائل)

ملیر میمن گوٹھ میں نوجوان نے پانی کے ٹینک میں چھلانگ لگاکر جان دے دی، اسٹیل ٹاؤن میں نوجوان نے اپنے پستول سے خود کو گول مارلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق میمن گوٹھ تھانے کے علاقے ملیر میمن گوٹھ میں درسانو چھنو میں واقع پانی کے ٹینک سے ایک نوجوان کی ڈوبی ہوئی لاش ملی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچے اور نوجوان کی لاش ٹینک سے نکال کر اسپتال منتقل کی جو بعدازاں قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔

ایس ایچ او میمن گوٹھ فیصل ملک کے مطابق متوفی نوجوان کی شناخت 22 سالہ ذیشان ولد شاہد کے نام سے ہوئی، نوجوان کھوکھراپار کا رہائشی تھا جس کا دماغی توازن درست نہیں تھا وہ پہلے بھی خودکشی کی کوشش کرچکا ہے۔



ایس ایچ او کے مطابق نوجوان کی ایک بہن میمن گوٹھ درسانو چھنو میں رہائش پذیر ہے، اتوار کی شب متوفی اپنے والدہ کے ہمراہ بہن گھر کے گھر آیا تھا جہاں سے وہ لوگ درگاہ چلے گئے، پیر کی صبح نوجوان قریب ہی واٹر سپلائی کے ٹینک میں چھلانگ لگا کر کود گیا اور ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔


اسی طرح خودکشی کا ایک واقعہ اسٹیل ٹاؤن میں پیش آیا ہے، نیشنل ہائی وے گھگھر پھاٹک ایم ڈی اے فلیٹ کے قریب صابو گوٹھ میں گھر میں فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے پہلے اسٹیل ٹاؤن تھانے اور بعد ازاں جناح اسپتال منتقل کردی گئی، نوجوان کی شناخت 25 سالہ طارق چانڈیو ولد محمد نواز کے نام سے ہوئی۔


ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن سالم رند کے مطابق متوفی نوجوان اسٹیٹ ایجنسی پر کام کرتا تھا اور نشے کا بھی عادی تھا، نوجوان اپنے گھر والوں سے خرچہ مانگ رہا تھا جس پر گھر والوں نے خرچہ دینے سے انکار کردیا تو نوجوان نے دلبرداشتہ ہو کر اپنے لائسنس یافتہ پستول سے خود کو گولی مار کرخود کشی کرلی۔؎


پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔


Load Next Story