جیوکو لائسنس دینے پر فوج کو تحفظات تھے شیخ رشید

نوازشریف فیصلوں کو جتنا لیٹ کرینگے، معاملات اتنے خراب ہونگے، فیس ٹو فیس میں گفتگو

نوازشریف فیصلوں کو جتنا لیٹ کرینگے، معاملات اتنے خراب ہونگے، فیس ٹو فیس میں گفتگو فوٹو: فائل

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جب جیو ٹی وی کو لائسنس دیا جا رہا تھا تو اس وقت ہی فوج کے تحفظات تھے۔

فوج کا مؤقف تھا کہ کراس میڈیا طاقتور ہوکر ان کے گلے پڑ جائیگا، اس وقت بھی طاقتورگروپ جیو ہی تھا، یہ میری کوتاہی ہے میری غلطی ہے کہ میں نے اس وقت کراس میڈیا کو سپورٹ کیا لیکن آج حالات اس حد تک خراب ہو چکے ہیں کہ میں سمجھتا ہوں کہ کہیں ایک الیکٹرانک میڈیم کی وجہ سے پوری جمہوریت کو نہ لپیٹ دیا جائے۔


ایکسپریس نیوزکے پروگرام فیس ٹوفیس میں میزبان ڈاکٹر معید پیرزادہ سے گفتگو میں انہوں نے کہا اب صورتحال یہ ہے کہ قبر ایک ہے اور بندے دو، یا اسٹیبلشمنٹ جائے گی یا پھر حکومت ۔ میں نے کئی مرتبہ کہا کہ یہ سال نوازشریف کے لئے بہت اہم ہے یا وہ چھا جائیگا یا گھر جائیگا۔ حکومت نے فوج کے ساتھ سارے پنگے خود لیے ہیں۔ نوازشریف کو فوری طور پر فوج کے ساتھ تعلقات ٹھیک کرنا ہوں گے، چار حلقوں میں سے ایک بھی حلقے میں دھاندلی ثابت ہوگئی تو اسمبلی میں بیٹھنا حرام ہوجائیگا۔ مڈٹرم الیکشن جمہوریت کی بقا ہے۔ میں مڈٹرم الیکشن کو جمہوریت کے ماتھے کا جھومر سمجھتا ہوں، اگر مڈٹرم الیکشن نہ ہوا تو یہاں پر ٹیکنوکریٹ کی حکومت آسکتی ہے۔

نوازشریف کو اپنے حلقے سے 91ہزار ووٹ پڑتے ہیں لیکن دوسرے لوگوں کو ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ ووٹ پڑ رہے ہیں جب لیڈر کو91 ہزار ووٹ پڑے تو ان کواتنے ووٹ کیسے پڑگئے۔ یہ سب دھاندلی کے ذریعے آئے ہیں، ان کو ایک ایجنڈے پر لایا گیا۔ بھارت سے اچھے تعلقات اور فوج کی کردارکشی ان کا ایجنڈہ تھا۔ جیو نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ سے ٹکرلی اور اس کو ہرایا ہے۔ پہلے نوازشریف سے لڑے پھر مشرف سے ٹکر لی، پہلی مرتبہ لڑائی اتنی سیریس ہوئی ہے۔ نوازشریف فیصلوں کو جتنا لیٹ کریں گے معاملات اتنے ہی خراب ہوں گے۔

پوری قوم کی کرکٹ میں دلچسپی ہے لیکن یہ ایک درست چیئر مین کا انتخاب نہیں کرسکے۔ جو کھیل وہ کھیلنے جارہے ہیں اس میں جانوں کے لالے بھی پڑسکتے ہیں۔ نوازشریف کیلیے حساس ترین وقت شروع ہونے والا ہے۔ نوازشریف فوج سے انتقام لینے والے ہیں اور بڑا آدمی وہ ہوتا ہے جو معاف کردے۔پچھلی حکومت میں پانچ فی صد مہنگائی تھی آج 9.2 ہوچکی ہے۔
Load Next Story