فکسنگ کیس میں ’’اسکائپ‘‘ کی ریکارڈ شدہ گفتگو اہم ثبوت بن گئی

کرس کینز کے وکیل دوست نے لوونسنٹ سے میچ فکسنگ پر تبادلہ خیال کیا تھا

کیوی کرکٹر نے کیس کے تفتیش کاروں سے ڈیل کی خبروں کو مسترد کردیا۔ فوٹو: فائل

فکسنگ کیس میں''اسکائپ'' کی ریکارڈ شدہ گفتگو اہم ثبوت بن گئی،برطانوی میڈیا نے رپورٹ میں انکشاف کیاکہ کرس کینز کے وکیل اینڈریو فچ ہولینڈ نے لوونسنٹ سے میچ فکسنگ پر تبادلہ خیال کیا جسے کیوی کرکٹر نے ریکارڈ کرلیا تھا۔


لندن میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق گفتگو میں ونسنٹ نے فچ ہولینڈ کی اس بات سے اتفاق کیا تھا کہ انڈین کرکٹ لیگ (آئی سی ایل )میں ہونے والا ایک میچ 'فکسڈ' تھا۔ یاد رہے کہ ونسنٹ، کینز اور ڈیرل ٹفی پر میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں، تینوں کیوی پلیئرز نے آئی سی ایل میں چندی گڑھ لائنز کی نمائندگی کی تھی، فچ ہولینڈ کو مارچ میں برطانوی پولیس نے حراست میںلیا اوروہ فی الحال ضمانت پر رہا ہیں۔ دوسری جانب لوونسنٹ نے میچ فکسنگ تفتیش کاروں سے ڈیل کی خبروں کو مسترد کردیا، انھوں نے کہا کہ اگرچہ مجھ پر 14 الزامات عائد ہو چکے مگر ان میں مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔

جمعرات کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے ونسنٹ اور سسیکس میں ان کے سابق ساتھی نوید عارف پر کائونٹی میچ میں فکسنگ کے الزامات عائد کیے ہیں، آکلینڈ میں اپنے وکیل کی وساطت سے جاری کردہ بیان میں لوونسنٹ نے کہا کہ یہ الزامات میری حکام کو بیان کردہ تفصیلات کی روشنی میں عائد کیے گئے، میں ماضی میں اپنے کیے گئے ہر غلط کام کی سزا بھگتنے کو تیار ہوں۔ دریں اثنا کرکٹ آسٹریلیا کے لیگل چیف ڈین کینو نے لوونسنٹ کیخلاف الزامات عائد کرنے کی تیاری شروع کردی،اپنے بیان میں سابق کیوی بیٹسمین نے 2012 کی جنوبی افریقہ میں کھیلی گئی چیمپئنز لیگ میں بھی گڑبڑکا اعتراف کیا تھا، اس میں انھوں نے آکلینڈ ایسز کی نمائندگی کی تھی، کینو چیمپئنز لیگ کے بھی ہیڈ لیگل ایڈوائزر ہیں، یہ بھارت، آسٹریلیا اور جنوبی افریقی بورڈ کا مشترکہ ایونٹ ہے۔
Load Next Story