ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں کراچی نے راولپنڈی کو آؤٹ کلاس کردیا

کراچی نے راولپنڈی کو 10وکٹ سے آؤٹ کلاس کردیا ، جویریہ خان میچ کی بہترین کھلاڑی قرار ہائیں

لاہور نے ملتان کو 9 وکٹ سے ٹھکانے لگایا، اسلام آباد نے ایبٹ آباد کومات دے دی۔ فوٹو: فائل

محترمہ فاطمہ جناح نیشنل ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں کراچی نے راولپنڈی کو 10وکٹ سے آؤٹ کلاس کردیا، جویریہ خان کو 68 کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر میچ کی بہترین پلیئر چناگیا۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں جاری ایونٹ میں کراچی نے میزبان راولپنڈی کیخلاف 105 رنز بغیر کسی نقصان کے17.1 اوورز میں بنالیے، جویریہ خان کو 68 رنز ناٹ آئوٹ اسکور کرنے پر میچ کی بہترین پلیئر قرار دیاگیا، انھوں نے 57 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 8 چوکے بھی جڑے، رابعہ شاہ 33 رنز پر ناقابل شکست رہیں، اس سے قبل راولپنڈی کی ٹیم 38.5 اوورز میں 103 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ماہم طارق نے 4 اور شمائلہ قریشی نے 3 وکٹیں لیں، نائلہ نذیر نے 37رنز کی قابل ذکر پرفارمنس دی۔


حیدرآباد نے سیالکوٹ کو 3 وکٹ سے مات دے دی، ناکام سائیڈ نے پہلے کھیل کر 48.4 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 214رنز جوڑے، ندا ڈار 10چوکوں کی مدد سے 85 کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہیں، ارم بٹ کے 42رنز بھی نمایاں رہے، سمعیہ صدیقی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 27رنز دیکر7 کھلاڑیوں کوٹھکانے لگایا، حیدرآباد نے ہدف 45.5 اوورز میں 7 وکٹ پر حاصل کرلیا، ساجدہ شاہ نے 73 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 11 بائونڈریز شامل رہیں،کوئٹہ کیخلاف 160 ناٹ آئوٹ بنانے والی ثنا تاج اس مرتبہ 33 رنز بناکر پویلین واپس ہوگئیں، صبانذیر اور ندا ڈار نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔پول 'بی ' میں لاہور نے ملتان کو9 وکٹ سے ٹھکانے لگادیا۔

ناکام سائیڈ نے مقررہ 50 اوورز میں تمام وکٹیں گنواکر154رنز اسکور بورڈ پر سجائے، اسماویہ اقبال نے 61رنز اسکور کیے، حفصہ امجد نے 3 جبکہ ارم جاوید اور ایلزیبتھ برکت نے 2،2 حریف بیٹسویمنز کو قابو کیا، لاہور نے ہدف 29 اوورز میں ایک وکٹ پر بنالیا، مرینہ اقبال 73 ناٹ آئوٹ بناکر نمایاں رہیں، بسمہ معروف نے 59 رنز بنائے۔اسلام آباد نے ایبٹ آباد کو 10وکٹ سے مات دے دی، ایبٹ آباد کی ٹیم پہلے کھیل کر 43.3 اوورز میں 102رنز پر حوصلہ ہاربیٹھی، حفصہ خالد26 اور سنعیہ اشرف20رنز بناکر نمایاں رہیں، مریم حسن اور انوشے ملک نے 3،3 جبکہ رابیل خالد نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، اسلام آباد نے 25.2 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 104رنز بنالیے، فضیلہ اخلاق71 اور ہما اشفاق18 پر ناٹ آئوٹ رہیں۔
Load Next Story