برازیل میں ورلڈ کپ مخالفین نے اپنی ہی ٹیم کو گھیر لیا

ٹریننگ کیلیے ریو ڈی جنیرو پہنچنے پر کھلاڑیوں کا سامنا ہڑتالی اساتذہ سے پڑگیا

ریوڈی جنیرو: پولیس اہلکار مظاہرین کو برازیلین فٹبال ٹیم کی بس تک جانے سے روک رہے ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

لاہور:
برازیل میں ورلڈ کپ مخالفین نے اپنی ہی فٹبال ٹیم کو گھیر لیا، ٹریننگ کیلیے ریو ڈی جنیرو پہنچنے پر کھلاڑیوں کا سامنا ہڑتالی اساتذہ سے پڑگیا، پولیس کی بھاری نفری کے باوجود بس پر ایونٹ مخالف اسٹیکرز چسپاں کرنے میں کامیاب رہے، ٹریننگ سینٹر کے باہر بھی مظاہرین جمع رہے۔


تفصیلات کے مطابق برازیل کی ٹیم گذشتہ روز ٹریننگ شروع کرنے کیلیے ریو ڈی جنیرو پہنچی، جیسے ہی کھلاڑیوں کی بس ایئرپورٹ سے باہر آئی استقبال کرنے کیلیے ہڑتال کرنے والے 200 کے قریب اساتذہ موجود تھے، وہ ورلڈ کپ کے خلاف نعرے لگارہے تھے، ان میں ایک نعرہ یہ بھی تھا کہ ' استاد کی قدر نیمار (برازیلین اسٹار اسٹرائیکر) سے زیادہ ہوتی ہے'۔ اس موقع پر پولیس کی بڑی نفری موجود تھی مگر پھر بھی مظاہرین بس پر ورلڈ کپ مخالف اسٹیکرز چسپاں کرنے میں کامیاب رہے۔

ڈرائیور چابکدستی سے گاڑی کو وہاں سے نکال لے گیا مگر جیسے ہی بس 90 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ٹریننگ کمپلیکس پہنچی تو وہاں پر بھی مظاہرین موجود تھے جنھوں نے خوب نعرے بازی کی۔ برازیل فٹبال کنفیڈریشن نے اپنے پلیئرز کو بہترین سہولیات کی فراہم کی لیے اس ٹریننگ کمپلیکس پرکئی ملین ڈالر خرچ کیے ہیں، اس میں 32 انفرادی رہائشی کمروں میں جہازی سائز کے بیڈز موجود جبکہ اور بھی کئی سہولیات دی گئی ہیں، ان چیزوں پر بھی لوگ کافی برہم ہیں، ایک شخص نے کہا کہ صرف اس کمپلیکس کی تزئین و آرائش پر 7 ملین ڈالر اور ورلڈ کپ پر بلینز ڈالر خرچ کیے جارہے ہیں،2011 میں سیلاب کا شکار ہونے والے ہزاروں لوگ آج بھی چھت کو ترس رہے ہیں۔
Load Next Story