ورلڈ کپ وارم اپ میچز میں بیلجیئم نے لگسمبرگ کو تختہ مشق بنا لیا

رومیلوکی ہیٹ ٹرک،کیمرون نے مقدونیہ پر ہاتھ صاف کیا، جاپان نے قبرص کو ہرا دیا، ایران اور مونٹی نیگرو کا میچ برابرہوگیا

رومیلوکی ہیٹ ٹرک،کیمرون نے مقدونیہ پر ہاتھ صاف کیا، جاپان نے قبرص کو ہرا دیا، ایران اور مونٹی نیگرو کا میچ برابرہوگیا۔ فوٹو: فائل

ورلڈ کپ وارم اپ میچز میں بیلجیئم نے لگسمبرگ کو تختہ مشق بنالیا۔

ٹیم کو 5-1 سے فتح میں رومیلو لوکیکو کی ہیٹ ٹرک نمایاں رہی، دیگر میچز میں کیمرون نے مقدونیہ کو 2-0 سے قابو کیا، ایران اور مونٹی نیگرو کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا، جاپان نے قبرص کیخلاف 1-0 سے کامیابی حاصل کی۔ تفصیلات کے مطابق لگسمبرگ کی نسبتاً آسان ٹیم کیخلاف بیلجیئن کوچ مارک ولموٹس نے اپنی اولین ٹیم سے میچ کا آغاز کیا، لوکیکو نے میچ کے تیسرے منٹ میں گول داغ کر اسے برتری دلا دی، 10 منٹ بعد لگسمبرگ کے آرولین جوکیم نے جوابی گول داغ کر حساب برابر کیا۔


لوکیکو نے 23ویں منٹ میں ایک مرتبہ پھر حریف ٹیم کے دفاعی حصار میں نقب لگاکر گیند کو جال میں پہنچادیا، انھوں نے 53ویں منٹ میں تیسرا گول داغ کر ہیٹ ٹرک مکمل کرلی، واضح رہے کہ انگلش پریمیئر لیگ میں چیلسی سے ' لون ' پر ایورٹن میں کھیلنے والے لوکیکو نے لیگ کے حالیہ سیزن میں15 گول داغے تھے، یہ کارنامہ انجام دینے کے بعد کوچ ولموٹس نے لوکیکو کو میدان سے باہر بلاکر نوجوان پلیئر ڈیووک اوریگی کو انٹرنیشنل ڈیبیو کا موقع دیا،وہ فرنچ لیگ میں للی کلب کی نمائندگی کرتے ہیں،71ویں منٹ میں نیسر چاڈلی اور پھر اختتامی لمحات میں کیون ڈی بروئن نے بھی گیند کو جال میں پہنچاکر بیلجیئم کا اسکور 5-1کردیا۔

لگسمبرگ کیخلاف بیلجیئم نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے نوجوان پلیئر عدنان جینوزیج کو بھی آزمایا، انھوں نے پہلی مرتبہ ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز پایا، ان کے پاس انگلینڈ سمیت یورپ کے دیگر کئی ممالک کی نمائندگی کا موقع تھا لیکن انھوں نے بین الاقوامی سطح پر بیلجیئم کی نمائندگی کا فیصلہ کیا۔' ریڈ ڈیولز ' کی عرفیت رکھنے والی بیلجیئن سائیڈ نے بطور ایڈن ہیزارڈ متبادل عدنان کو میدان میں اتارا،انھوں نے چند عمدہ موو بناکر اپنی موجودگی کا احساس بھی دلا دیا،البتہ ان کی اصل آزمائش ورلڈ کپ میں ہوگی۔ بیلیجیئم کی ٹیم اب یکم جون کو اوے میچ میں سوئیڈن کا سامناکرے گی، اس کے بعد برسلز میں 7 جون کو تیونس کی سائیڈ ان کی مہمان بنے گی۔

ورلڈ کپ میں بیلجیئم کی مہم کا آغاز17جون کو الجیریا کیخلاف ہوگا،22 جون کو روس اور 26 جون کو جنوبی کوریا کی ٹیمیں بھی اس کے مقابل آئیں گی۔ دوسری جانب آسٹریا کے شہر کوفسٹن میں کیمرون نے مقدونیہ کو 2-0 سے مات دیدی، 52ویں منٹ میں پیری ویبو اور 83ویں منٹ میں چوپو موٹنگ نے گول کیے، ہارٹبرگ میں مونٹی نیگرو اور ایران کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابری پر تمام ہوا، ہوم گراؤنڈ پر جاپان نے قبرص کو1-0 سے ٹھکانے لگایا، فیصلہ کن گول 44 ویں منٹ میں یوشیڈا نے کیا۔
Load Next Story