آلودہ پانی صاف کرنے اور سیکیورٹی سے متعلق ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھایا جائے قائم علی شاہ

وزیراعلیٰ نے سرکاری عمارتوں وگاڑیوں کوبلٹ اوربم پروف بنانے کی امریکی ٹیکنالوجی کی تجویزپرغورکیلیے ماہرین کاپینل بنادیا

رومانیہ سے دیرینہ تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں،صوبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں،وزیراعلیٰ سندھ، رومانیہ کے سفیرسے گفتگو۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے سیکیورٹی صورتحال کے سبب سرکاری عمارتوں وگاڑیوں کو بلٹ اوربم پروف بنانے اورکم لاگت میں گندے پانی کو صاف اورمیٹھاکرنے کی امریکی ٹیکنالوجی میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے افسران اور ماہرین پرمشتمل علیحدہ علیحدہ پینل تشکیل دیے ہیں۔

وزیراعلیٰ ہائوس میں ایس این انٹرنیشنل پاورز ایل ایل سی یو ایس اے کے چیف ایگزیکٹیوسہیل خان اورکمپنی کے ڈائریکٹر مائیکل کونگ نے وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کی۔ وفدسے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ صوبہ سندھ کیلیے دونوں ٹیکنالوجی انتہائی اہمیت کی حامل ہیں،سندھ پہلے ہی ایل بی او ڈی کے نمکین اورکھارے پانی کوآر او پلانٹ کے ذریعے ری فائن کرکے دوبارہ استعمال کے قابل بناکر اسے تھرکول پاور پروجیکٹ کیلیے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کرچکا ہے۔


انھوں نے کہا کہ صنعتی اورشہری گندے پانی کوصاف کرکے نہ صرف ہم ماحولیاتی صورتحال کوبہتر بنا سکتے ہیں بلکہ پانی سے جنم لینے والی بیماریوں پرکنٹرول کرسکتے ہیں،گندے پانی کوصاف کرنے والی ٹیکنالاجی کے قیام کیلیے کراچی میں پائیلٹ پروجیکٹ کے قیام اورمستقبل کے روڈمیپ کیلیے رپورٹ تیارکی جائے جبکہ سرکاری گاڑیوں اور عمارتوں کوسخت گیر پی وی سی مادہ اورلیمنیشن اورخصوصی پولیسٹرملٹی پل تہوں کے ذریعے کم لاگت کے ساتھ بلٹ اوربم پروف بنانے کی ٹیکنالوجی کے حوالے سے آئی جی پولیس سندھ اوردیگر ماہر افسران سے کہاکہ وہ اس ٹیکنالوجی کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لے کراپنی سفارشات اور رپورٹ پیش کریں۔

علاوہ ازیں رومانیہ کے سفیراور اعزازی قونصل جنرل سے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رومانیہ کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی داغ بیل ڈالی تھی،پی پی حکومت رومانیہ کے عوام کے ساتھ سماجی، معاشی، اقتصادی اور ثقافتی روابط کا فروغ چاہتی ہے،وزیراعلیٰ نے رومانیہ کے سفیر کو توانائی، زراعت صنعت اورتعلیم کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔رومانیہ کے سفیرنے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کو کابینہ ارکان ، سیاسی رہنماؤں، تاجروں اور سرکاری افسران کے ہمراہ رومانیہ کے دورے کیلیے مدعو کیا جووزیراعلیٰ نے قبول کرلی۔
Load Next Story