انٹرنیشنل اسکواش غیرملکی کھلاڑیوں کی انٹریز موصول ہونا شروع

بھارت، امریکا اور انگلینڈ سے1،1کھلاڑی نے فیڈریشن سے رابطہ کرلیا، سیکریٹری

بھارت، امریکا اور انگلینڈ سے1،1کھلاڑی نے فیڈریشن سے رابطہ کرلیا، سیکریٹری فوٹو: فائل

پاکستان میں 6 برس طویل انتظار کے بعد اکتوبر میں شیڈول پی ایس اے ورلڈ ٹور اسکواش ایونٹ کیلیے غیرملکی کھلاڑیوں کی انٹریزموصول ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

25 ہزار انعامی رقم کے ایونٹ کیلیے بھارت، امریکا اور انگلینڈ کے ایک، ایک کھلاڑی نے حصہ لینے کیلیے پاکستان فیڈریشن سے رابطہ کیا ہے۔ ایونٹ 18 سے 23 اکتوبر تک اسلام آباد میں کھیلا جائیگا۔ پی ایس ایف کے سیکریٹری عامر نواز نے ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 2008 کے بعد 6 سال کے وقفے سے پاکستان میں اسکواش ایونٹ میں شرکت کیلیے غیرملکی کھلاڑیوں نے رابطے شروع کردیے ہیں، اب تک بھارت، انگلینڈ اور امریکا سے ایک ایک پلیئرکی انٹری وصول ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملکی میں سیکیورٹی حالات اب کافی بہتر ہوچکے ہیں ہم پرامید ہیں کہ دنیا کے ٹاپ کھلاڑی پاکستان آکر کھیلنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے۔


ہماری کوشش ہوگی کہ ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد سے دنیا میں پاکستان کے مثبت تاثرکواجاگرکریں تاکہ مستقبل میں اسکواش سیمت دیگر پلیئرز بھی بے خوف و خطر یہاں آئیں۔ انھوں نے کہا کہ فیڈریشن اسکواش کو دوبارہ عروج پر لانے کیلیے سخت محنت کررہی ہے،کھلاڑیوں کی طرف سے بھی عمدہ ریسپانس مل رہا ہے، عامر نواز نے کہا کہ ناصر اقبال سمیت دیگر پلیئرز کو مختلف انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کا مقصد ان کی رینکنگ میں بہتری لانا ہے۔

امید ہے کہ جلد ہی پاکستان کے پلیئرز ٹاپ 20 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ انھوں نے کہاکہ ناصراقبال، فرحان زمان، طیب اسلم، عاصم خان اور اسرار احمد پاکستان کے بہترین کھلاڑی ہیں، مستقبل میں ملک کیلیے کارنامے انجام دیں گے۔ انھوں نے کہاکہ فیڈریشن خواتین میں کھیل کے فروغ کیلیے بھی بہترین اقدامات کررہی ہے، توقع ہے کہ ایشین چیمپئن شپ میں قومی ٹیم ماریہ طور کی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بہترین کارکردگی پیش کرپائے گی۔
Load Next Story