کوئٹہ جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے 2 مسافر آف لوڈ

ملزمان کے اٹلی کے ریزیڈنٹ کارڈ جعلی نکلے، تفتیش کیلیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کردیا گیا، ترجمان ایف آئی اے

فوٹو: ایکسپریس

کوئٹہ ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے والے 2 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن کے کوئٹہ ایئرپورٹ پر تعینات عملے نے کارروائی کے دوران جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے 2 مسافروں کو آف لوڈ کردیا۔

ملزمان فلائٹ نمبر FZ346 سے اٹلی جا رہے تھے،گرفتار ملزمان میں فرحان احمد اورپرویز محمد شامل ہیں جن کا تعلق گجرانوالہ اور شیخوپورہ سے ہے۔ ملزمان کے پیش کیے جانے والے اٹلی کے ریزیڈنٹ کارڈ جعلی نکلے۔


ترجمان کے مطابق ملزمان کے پاسپورٹ پر بیرون ملک آمد و روانگی کی جعلی اسٹیمپس لگی ہوئی تھیں جبکہ پاسپورٹ پر لگی اسٹمپس کے حوالے سے بھی کسی قسم کا سفری ریکارڈ سسٹم میں موجود نہ تھا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے ایجنٹوں سے بھاری رقوم کے عوض مذکورہ کارڈز حاصل کیے تھے،ملزمان نے جعلی ریزیڈنٹ کارڈز کے عوض مجموعی طور پر 37 لاکھ روپے اداکیے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔
Load Next Story