ایشین گیمز میں قومی ہاکی ٹیم کی شرکت یقینی

ٹیموں کی انٹریز اور کھلاڑیوں کے نام بھجوادیے، جلد ایکریڈیشن بھی ہوجائیگی،

ٹیموں کی انٹریز اور کھلاڑیوں کے نام بھجوادیے، جلد ایکریڈیشن بھی ہوجائیگی، جونیئر یوتھ اولمپکس کے علاوہ کامن ویلتھ ، سمر یوتھ اور ایشین بیچ گیمز کیلیے بھی دستے تیار۔ فوٹو: فائل

قومی ہاکی ٹیم کی ایشین گیمز میں شرکت پر چھائے غیر یقینی کے بادل چھٹ گئے، جونیئرز کو یوتھ اولمپکس میں شمولیت کا موقع بھی ملے گا۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر جنرل(ر) عارف حسن کا کہنا ہے کہ ٹیموں کی انٹریز اور کھلاڑیوں کے نام بھجوا دیے، ایکریڈیشن بھی جلد ہوجائے گی، دریں اثنا ان دونوں ایونٹس کیساتھ کامن ویلتھ ،سمر یوتھ اور ایشین بیچ گیمز کے مختلف مقابلوں کا حصہ بننے کیلیے ممکنہ قومی کھلاڑیوں کے دستے تیار کرلیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل کا اجلاس اتوار کو جنرل عارف حسن کی صدارت میں ہوا،ملک بھر کی مختلف اسپورٹس تنظیموں کے 63 سے زائد نمائندوں نے شرکت کرکے ایک بار پھر انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے چارٹر کے مطابق معاملات چلانے کا عزم دہرایا۔

اس موقع پر سید عارف حسن نے بتایا کہ قومی مفاد میں ایشین گیمز کے لیے نام بھجوانے کی ڈیڈ لائن میں ایک ماہ توسیع کی درخواست کی تھی،اچھی خبر یہ ہے کہ پی ایچ ایف کی طرف سے دیے جانے والے نام ایونٹ کے منتظمین کو بھیج دیے گئے ہیں، آن لائن ایکریڈیشن کا وقت گزر گیا تھا،اس لیے اب متبادل طریقہ اختیارکرنا پڑیگا، تاہم شرکت پر غیر یقینی کے بادل چھٹ گئے ہیں، پاکستان ہاکی ٹیم کی سمر یوتھ گیمز میں شمولیت کیلیے بھی انٹری بھجوادی گئی ہے، پی ایچ ایف کا کوئی نمائندہ اجلاس میں موجود نہ ہونے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ اس میں ناراضی کی کوئی وجوہات تلاش نہیں کرنا چاہیے، صدر فیڈریشن اختررسول سے 4بار ملاقات میں مثبت بات چیت ہوئی، بیمار تھا تو انھوں نے خیریت بھی دریافت کی، ہم سب ہاکی اور کھیلوں کی بہتری چاہتے ہیں، معاملات بہتری کی طرف چل نکلے ہیں جو حوصلہ افزا بات ہے۔


انھوں نے بتایا کہ کامن ویلتھ گیمز میں قومی ہاکی ٹیم کی شرکت کے معاملے میں خاصی تاخیر ہوچکی، پی ایچ ایف کو بھی اب ایونٹ میں دلچسپی نہیں،اب آگے کی طرف دیکھنا ہوگا، سید عارف حسن کے مطابق گلاسگو میں 23جولائی سے 3اگست تک شیڈول کامن ویلتھ گیمز کے سوئمنگ، بیڈمنٹن، باکسنگ، سائیکلنگ، جمناسٹک، جوڈو،لان بائولز، شوٹنگ، ٹیبل ٹینس، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ مقابلوں میں 41مرد ، 12خواتین ایتھلیٹس اور 19آفیشلز شرکت کرینگے۔چین کے شہر نانجنگ میں 16اگست سے شروع ہونیوالے سمر یوتھ اولمپکس میں پاکستان ہاکی، سوئمنگ،شوٹنگ، ٹینس اور ویٹ لفٹنگ مقابلوں کا حصہ بنے گا جن کیلیے 11مرد اور 2خواتین کے نام بھجوائے گئے ہیں،6آفیشلز بھی ہمراہ ہوںگے،ایشین گیمز کا آغاز 19ستمبر سے انچیون میں ہوگا۔

قومی کھلاڑی ہاکی،کرکٹ، فٹبال، سوئمنگ، آرچری،ایتھلیٹکس، بیس بال، بیڈمنٹن، باکسنگ، سائیکلنگ، جمناسٹک، ہینڈ بال، جوڈو، کبڈی، کراٹے، روئنگ،رگبی،شوٹنگ، اسکواش، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، ٹینس، والی بال، ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ اور ووشو سمیت 27 ایونٹس میں صلاحیتیں آزمائیں گے۔اس دستے میں 182مرد اور 50خواتین اتھلیٹس 69آفیشلز کے ہمراہ ملک سے روانہ ہونگے۔ پھوکٹ میں 14سے21 نومبر تک شیڈول ایشین بیچ گیمز میں پاکستان کو ہینڈ بال، کبڈی، والی بال، ریسلنگ، سیلنگ اور سرفنگ سمیت 7کھیلوں میں شامل ہونا ہے جس کیلیے41مرد اور 8خواتین کو 15آفیشلز کے ہمراہ بھجوایا جائے گا۔کھلاڑیوں کی تعداد میں اضافہ نہیں کیا جاسکتا، تاہم کسی کو ڈراپ کیا جاسکے گا۔

سید عارف حسن کا کہنا ہے کہ قومی اسکواڈز کی فہرستیں مرتب کرکے پاکستان اسپورٹس بورڈ/وزارت برائے بین الصوبائی امور کو ارسال کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے سفری اخراجات، یونیفارم، ڈیلی الائونس، ادویات کی فراہمی، وفود میں شمولیت کیلیے پی سی بی آفیشلز نامزد کرنے اور تربیتی کیمپس کے انعقاد کا شیڈول تیار کرنے کی درخواست کردی گئی ہے، امید ہے کہ 10سے 15روز میں معاملات طے پاجائیں گے، حکومت کا مشکور ہوں کہ کھیلوں اور کھلاڑیوں کے مفاد میں مل جل کر مسائل حل کرنے کے لیے پیش رفت کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ حکومت کے کہنے پر ہی انٹرنیشنل ایونٹس کیلیے ٹیموں کی انٹریز اور کھلاڑیوں کے نام بجھوائے ہیں،امید ہے کہ مقابلوں میں شرکت کے لیے بھرپور مالی معاونت بھی حاصل ہوگی، تاہم اگر کوئی چھوٹے موٹے مسائل ہوئے بھی تو مل جل کر حل کرلیں گے۔
Load Next Story