سندھ میں اسٹمپ ڈیوٹی کیلیے 18ویں صدی کا نظام رائج ہے شبر زیدی

ایگری کلچر انکم ٹیکس کیلیے ڈپارٹمنٹ قائم نہیں ہوا، پراپرٹی ٹیکس کاآخری سروے 30سال قبل ہوا

ٹیکس وصولیوں میں اضافے کیلیے اثاثوں کاریکارڈ مرتب کرناہوگا،سابق نگراں وزیر خزانہ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
سندھ میں ریونیو بڑھانے کیلیے وسیع مواقع موجود ہیں،سماجی اورسیاسی مفادات کے سبب ریونیومیں اضافے پرتوجہ نہیں دی جاتی۔

ایگری کلچرانکم ٹیکس،انفرااسٹرکچرسیس، پراپرٹی ٹیکس، اسٹمپ ڈیوٹی کے ذریعے ریونیو میں بھرپوراضافہ کیاجاسکتا ہے۔ ٹیکس وصولیوں میں اضافے کے لیے اثاثوں کا ریکارڈ مرتب کرناہوگا۔ سندھ کے نگراں وزیرخزانہ سید شبرزیدی نے ایکسپریس کوانٹریو میں کہاکہ پاکستان میں ٹیکس کی ادائیگی صرف شہروں کا مسئلہ سمجھی جاتی ہے۔ دیہات اورچھوٹے شہروں میں پراپرٹی ٹیکس کاکوئی تصورنہیں، اثاثوں کا ازسرنو سروے کرکے پراپرٹی ٹیکس وصولیاں کئی گنا بڑھائی جاسکتی ہیں،اسٹمپ ڈیوٹی وصولی کے لیے 18ویں صدی کا نظام رائج ہے۔ پٹرولیم مصنوعات، دفاعی سازوسامان، افغان ٹرانزٹ، نیٹو اورایساف سے انفرا اسٹرکچر سیس ریکوری نہیں کی جارہی۔


سید شبرزیدی نے کہا کہ بجٹ میں سندھ کے اپنے ذرائع سے حاصل ہونے والے ٹیکسوں کا تناسب 20فیصد ہے 80فیصد وسائل وفاق مہیا کرتا ہے ۔ ایگری کلچر پرانکم ٹیکس کی وصولی 2002سے صوبے کی ذمے داری ہے لیکن سندھ میں ایگری کلچر انکم ٹیکس کا دفتر تک قائم نہیں کیا گیا۔ایگری کلچر لینڈ ہولڈنگ اور انکم پر ٹیکس عائد ہے جس کی زیادہ سے زیادہ شرح 15فیصد ہے لیکن سندھ سمیت کسی صوبائی حکومت کو ایگری کلچر انکم ٹیکس وصول کرنے میںکوئی دلچسپی نہیں ہے۔ خدمات پرسیلز ٹیکس وصولیاں 60ارب روپے تک بڑھائی جاسکتی ہیں۔

اسٹمپ ڈیوٹی اور رجسٹریشن سے وصولیاں 7سے 8ارب روپے ہیں جونظام کو آٹو میٹڈ کرکے چند سال میں 20ارب روپے تک بڑھائی جاسکتی ہیں جس سے پراپرٹی ٹیکس میں بھی بھرپوراضافہ ہوگا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میں پراپرٹی ٹیکس بھی صرف شریف آدمی دیتا ہے ،سندھ میں پراپرٹی ٹیکس کے لیے کوئی سروے نہیں ہوا کراچی میں پراپرٹی کا 25 یا 30سال سے کوئی سروے نہیں کیا گیا اس لیے پراپرٹی کا ازسرنو سروے انتہائی ضروری ہے۔ سندھ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے بارے میں انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے چھ سوساڑھے چھ سو ارب روپے کے بجٹ میں سے تین سوسے ساڑھے تین سو ارب روپے کے مستقل اخراجات ہیں باقی فنڈ ترقیاتی کاموں کے نام پرشاہی انداز سے خرچ کیا جاتا ہے۔
Load Next Story