فرنچ اوپن ٹینس میں جینکووچ اور اسٹوسر کی ہمت جواب دے گئی

ماریا شراپووا، سیمونا ہالیپ اور سارا ایرانی نے راؤنڈ8 میں نشست محفوظ کرلی، مینز میں نڈال، مرے اور مونفلز کامیاب

ماریا شراپووا، سیمونا ہالیپ اور سارا ایرانی نے راؤنڈ8 میں نشست محفوظ کرلی، مینز میں نڈال، مرے اور مونفلز کامیاب۔ فوٹو: فائل

فرنچ اوپن میں رافیل نڈال، اینڈی مرے، گیل مونفلز اور ڈیوڈ فیرر نے بھی کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، ویمنز سنگلز میں ماریا شراپووا، سیمونا ہالیپ اور سارا ایرانی نے رائونڈ8 میں نشست محفوظ کرلی، جیلینا جینکووچ اور سمانتھا اسٹوسر کی ہمت چوتھے رائونڈ میں جواب دے گئی۔


تفصیلات کے مطابق سیزن کا دوسرا گرینڈ سلم فرنچ اوپن اختتامی مراحل میں داخل ہوگیا، پیر کو مینز سنگلز کے چوتھے رائونڈ میچز میں ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپئن رافیل نڈال نے سربیا کے ڈوسن لیجووک کو 6-1 ، 6-2 اور6-1 سے زیر کرلیا، کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ ہموطن ڈیوڈ فیررسے ہوگا، جنھوں نے جنوبی افریقی پلیئر کیون اینڈرسن کو اعصاب شکن مقابلے میں 6-3 ،6-3،6-7(5/7) اور6-1 سے قابو کیا،گولیرمو گارشیا لوپز کو فرانس کے گیل مونفلز نے 6-0،6-2 اور7-5 سے ہرایا، 23 سیڈ فرنچ پلیئر مونفلز نے چوتھی مرتبہ رولینڈ گیروس کے کوارٹر فائنل میں جگہ بناکر میزبان شائقین کی امیدوں کو برقرار رکھا، 27 سالہ پلیئر اس سے قبل 2008 کا سیمی فائنل بھی کھیل چکے ہیں۔

برطانیہ کے 7 سیڈ اینڈی مرے نے اسپینش حریف فرنانڈو ورڈاسکو کو 6-4،7-5 اور7-6(7/3) سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔دوسری جانب ویمنز سنگلز کے چوتھے رائونڈ میں7 سیڈ ماریا شراپووا نے آسٹریلوی حریف سمانتھا اسٹوسر کو 3-6،6-4 اور6-0 سے ٹھکانے لگایا، اسپین کی گاربین مگروزا نے فرنچ کوالیفائر پائولین پارمینٹر کو 6-4 اور6-2 سے مات دے دی، ڈچ کوالیفائر کیکی بارٹینز نے تجربہ کار جرمن پلیئر آندریا پیٹکووک کو 6-1،2-6 اور7-5 سے رخصت کردیا، 6 سیڈ جیلینا جینکووچ کو پُرجوش اطالوی پلیئر سارا ایرانی نے 7-6 (7/5)اور6-2 سے ٹھکانے لگایا، 4 سیڈ سیمونا ہالیپ نے امریکی حریف سلون اسٹیفنز پر 6-4 اور6-3 سے غلبہ حاصل کرلیا۔
Load Next Story