امریکا نے سابق آئی جی سندھ آفتاب نبی کی ہمشیرہ کوڈی پورٹ کردیا

امیگریشن آمد کی جعلی مہریں ثبت کرانے پر اخترنبی کا پاسپورٹ اورگرین کارڈبھی ضبط

کراچی میں امیگریشن حکام نے حراست میں لے لیا. فوٹو؛ فائل

سابق آئی جی سندھ آفتاب نبی کی ہمشیرہ امریکی امیگریشن حکام کی جانب سے ابوظبی ایئر پورٹ سے ڈیپورٹ ہونے کے بعد پیر کوعلی الصباح کراچی ایئر پورٹ پہنچ گئیں۔

امریکی حکام نے پاسپورٹ پر امیگریشن آمد کی جعلی مہریں ثبت کرنے پر اخترنبی کا پاکستانی پاسپورٹ اور گرین کارڈبھی قبضے میں لے لیاہے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق اخترنبی اتحاد ایئرلائنز کی پرواز کے ذریعے کراچی ایئرپورٹ سے امریکاکیلیے روانہ ہوئی تھیں۔ امریکی حکومت کی جانب سے نئے انتظام کے تحت دنیابھر سے براستہ ابوظبی جانے والے مسافروںکی امیگریشن ابوظبی ایئرپورٹ پرامریکی امیگریشن کے اہلکاروں کو تعینات کیاگیا ہے اورابوظبی سے امریکا کے لیے روانہ ہونے والی پروازکو ڈومیسٹک پروازتصور کیاجاتا ہے۔


ذرائع کے مطابق اخترنبی نے اعتراف کیاکہ انھوں نے امریکا میں اپنے قیام کوطویل دکھانے کے لیے اپنے پاسپورٹ پرغلط مہرثبت کرائی ہے جس پرامریکی حکام نے انھیں ابوظبی سے واپس پاکستان روانہ کردیا۔ کراچی پہنچنے پر امیگریشن حکام نے انھیں حراست میں لے کر انسدادانسانی اسمگلنگ سرکل کے حوالے کردیا تاہم امریکی امیگریشن حکام کی جانب سے بھیجی جانے والی مبہم دستاویزات اورجعلی امیگریشن مہر کے حامل پاکستانی پاسپورٹ موجود نہ ہونے کی وجہ سے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل نے انھیں ضمانت پر رہا کردیا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان پیپلزپارٹی کی سابق ایم پی اے شمع مٹھانی اور ان کے شوہرعارف مٹھانی کو بھی اسی بنیاد پر امریکی امیگریشن حکام نے ابوظبی ایئر پورٹ سے بے دخل کیاتھا اور ان کے خلاف جعل سازی کے الزام میں انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل میں مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا جوتاحال عدالت میں زیرسماعت ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کے کہناہے کہ گرین کارڈکے حامل پاکستانی شہریوں کی جانب سے پاکستان آمدپر امیگریشن کی مہریں ثبت نہ کرانااور بعدکی تاریخوں میں مہر ثبت کرانا ایک معمول ہے۔
Load Next Story