جہانگیر مارٹن کلیٹن اور پاکستان کوارٹرز پراجیکٹ کا مسودہ منظور

مسودہ وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس(وفاقی حکومت) اور سندھ حکومت کی باہمی مشاورت سے تیار کیا گیا

پراجیکٹ ازسرنو تعمیر کیا جائے گا (فوٹو: فائل)

سندھ اور وفاقی حکومت نے جہانگیر، مارٹن، کلیٹن اور پاکستان کوارٹرز پراجیکٹ کی ازسر نو تشکیل و تعمیر کیلیے مفاہمت کی یادداشت کے مسودے کی منظوری دیدی ہے۔

مسودہ وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس (وفاقی حکومت) اور سندھ حکومت کی باہمی مشاورت سے تیار کیا گیاتھا، جس کی نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس(ر) مقبول باقر نے منظوری دے دی، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد کے لیے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس (وفاقی حکومت)، سندھ حکومت اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے درمیان جہانگیر، مارٹن، کلیٹن اور پاکستان کوارٹرزکی ری موڈلنگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے نفاذ کے لیے ایم او یو پر دستخط کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی؛ جہانگیر، جمشید، کلے ٹن اور مارٹن کوارٹرز کی جگہ اپارٹمنٹس کی تعمیر کا فیصلہ


رہائشی کوارٹر اس وقت بھی موجود ہیں، مگر خستہ حالی کا شکار ہیں، اس منصوبے کی تکمیل کے لیے وفاقی حکومت، سندھ حکومت اور کے ایم سی کے مابین جہانگیر، مارٹن، کلیٹن اور پاکستان کوارٹرز کی از سر نو تشکیل کے لیے ایک ایم او یو پر دستخط کیے جائیں گے، مجوزہ منصوبے کو مرحلہ وار انجام دیا جائے گا۔

ایم او یو کا مقصد جہانگیر، مارٹن، کلیٹن اور پاکستان کوارٹرز کو جدید طرز پر استوار کرکے رہائشیوں کو تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کسی بھی شخص کو رہائش سے محروم نہیں کیا جائے گا اور کوارٹرز کے تمام مکینوں کو نئی رہائشی عمارتوں میں منتقل کیا جائے گا، منتقلی کے بعد رہائشیوں کو پاور آف اٹارنی منتقل کردی جائے گی، یعنی رہائشیوں کو مالکانہ حقوق دیے جائیں گے۔
Load Next Story