جونئیر ہاکی قومی تربیتی کیمپ کیلیے53 پلیئرز کی طلبی

نوجوان پلیئرز مستقبل میں قومی ٹیم کا حصہ بن کر اپنے کھیل سے ملک وقوم کی خدمت کریںگے، سلیکٹرو کوچز

کھلاڑیوں کو 9جون کو رپورٹ کرنے کی ہدایت، نوجوان پلیئرز مستقبل میں قومی ٹیم کا حصہ بن کر اپنے کھیل سے ملک وقوم کی خدمت کریںگے، سلیکٹرو کوچز فوٹو: فائل

رواں برس ملائیشیا میں شیڈول چوتھے سلطان آف جوہر جونیئرہاکی ٹورنامنٹ کے تربیتی کیمپ کیلیے53کھلاڑیوں کو طلب کرلیاگیا۔

پلیئرز کا انتخاب کراچی میں منعقدہ قومی جونیئر چیمپئن شپ اور لاہور کے ٹرائلز میں کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعدکیا گیا، ٹرائلز کی نگرانی پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اصلاح الدین صدیقی نے ارشد چوہدری اورخالد بشیر سمیت دیگر سلیکٹرز کے ساتھ مل کر کی، ابتدائی مرحلے میں منتخب ہونیوالے کھلاڑیوں میں 9 گول کیپرز، 11 فل بیکس،13 ہاف بیکس اور20 فارورڈز شامل ہیں۔

گول کیپرز میں منیب الرحمان (ریلویز)، طلال (واپڈا)، نعمان ( اسلام آباد)، عدیل راؤ (پنجاب)، حافظ علی عمیر (پاکستان بورڈ)، اویس (پنجاب کلرز)، واجد علی (کسٹمز)، علی رضا ( این بی پی) اور کاشف علی (آرمی ) موجود ہیں، بطور فل بیکس مبشر علی (این بی پی)، عابد بھٹی( این بی پی)، شاہ فیصل ( پنجاب کلرز، متین (کسٹم)، حافظ عمار طیب (ریلویز)، محمد احد (واپڈا)، اعجاز الحق (لاہور)، حسن محمد انور (پنجاب)، علی شیر (اسلام آباد)، عاطف محمود (پی آئی اے ) اور نعمان (ریلویز ) کا انتخاب ہوا، ہاف بیکس میں سکندر مصطفیٰ ( این بی پی)،محمد جنیدکمال(این بی پی)، خضر اختر ( این بی پی)، ابوبکر (پی آئی اے)، غضنفر ( واپڈا)، وسیم عباس (واپڈا)، قاسم ( پنجاب کلرز)، نیر حیدر (واپڈا)، عاصم جونٹی ( پنجاب کلرز)، اظہر حسین (آرمی) اور ارسلان ظفر، علی حیدر رضا اور زاہد غضنفر (لاہور ) شامل ہیں۔


فارورڈز میں محمد اظفر یعقوب (پی آئی اے)، نوہیز زاہد ملک ( پی آئی اے)، شان ارشد ( این بی پی)، سمیع اللہ (کے پی کے)، مرزا عامر بیگ ( واپڈا)، علی رضا( این بی پی)، محسن صابر (پنجاب)، آصف (پنجاب)، بلال (واپڈا)، نوید (واپڈا)، سرہان (کسٹمز) ، اسفند (بلوچستان)، عامر (پی آئی اے)، الیاس (پی آئی اے)، سہیل عباس (کراچی)، ارسلان (کسٹمز)،نعمان وہاب(کراچی)،عبدالصبور (کراچی)، شرجیل اور حماد (سندھ ) کا انتخاب ہوا۔کیمپ کمانڈنٹ منظور الحسن جبکہ دیگر آفیشلز میں قمر ابراہیم، کامران اشرف، محمد اخلاق، محمد عرفان سینئر، ریحان بٹ (کوچز)، ڈاکٹر مبشر محسن (ڈاکٹر و فزیوتھراپسٹ) اور ندیم خان لودھی وڈیو اینالسٹ شامل ہونگے۔ یاد رہے کہ سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ 12 سے 19 اکتوبر تک ملائیشیاکے شہر جوہر بارو میں ہوگا۔منتخب کھلاڑیوں کو 9جون کو کیمپ کمانڈنٹ منظور الحسن کو ہاکی کلب آف پاکستان کراچی میں رپورٹ کرنیکی ہدایت دی گئی ہے۔

دوسری جانب سلیکٹر خالد بشیر اور کوچز ریحان بٹ و محمد اخلاق پر امید ہیں کہ نوجوان پلیئرز مستقبل میں قومی ٹیم کا حصہ بن کر اپنے کھیل سے ملک وقوم کی خدمت کرینگے۔ نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں سلیکٹر خالد بشیر نے کہا کہ پی ایچ ایف نے تاریخ میں پہلی بار انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے ویژن2020دیا جس پر عملی طور پر کام کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے، انھوں نے کہا کہ ماضی کی تلخ یادوں کو فراموش کر کے ہم نے بلند ہمت اور حوصلے کے ساتھ سفر کا آغاز کر دیا تو وہ دن دور نہیں جب ہم اپنے کھوئے ہوئے اعزاز ایک ایک کر کے اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔1994 ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کے رکن و سابق اولمپئن نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی ایک بار فتح کی پہلی سیڑھی پر قدم رکھنے میں کامیاب ہو گئے تو انھیں پے در پے کامیابیوں سے نہیں روکا جا سکے گا۔ خالد بشیر نے کہا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب ملک بھر میں ٹرائلز کے بعد صرف میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا۔

میں پُر امید ہوں کہ ان پلیئرز میں ایسے متعدد کھلاڑی سامنے آئینگے جو اپنے کھیل سے ملک وقوم کا نام روشن کرنے میں کامیاب رہیں گے۔کوچز ریحان بٹ اور محمد اخلاق نے کہا کہ موجودہ کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، قومی جونیئر ہاکی چیمپئن شپ اور لاہور میں ہونے والے ٹرائلز میں کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیا، جس کے بعد وثوق سے کہتے ہیں کہ پلیئرز میں دم خم موجود ہے،نوجوان پلیئرز کی مناسب طریقے سے ٹریننگ کی جائے تو وہ آنے والے وقت میں اثاثہ ثابت ہو سکتے ہیں۔کوچز نے مزید کہا کہ کراچی میں شیڈول کیمپ میں کھلاڑیوں کی بنیادی خامیوں پر قابو پانے کے ساتھ فٹنس پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
Load Next Story