فرنچ اوپن میں نڈال کا راج برقرار فائنل میں جوکووک کو شکست دیکر نویں ٹرافی جیت لی

28 برس بعد مسلسل پانچواں ٹائٹل جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے، جوکووک نے ابتدائی سیٹ جیتنے کے بعد حوصلہ ہاردیا

پیرس: اسپینش پلیئر رافیل نڈال فرنچ اوپن کی وننگ ٹرافی اٹھائے ہوئے، انھوں نے 9 ویں مرتبہ اعزاز اپنے نام کیا، فائنل میں جوکووک ہارگئے۔ فوٹو: اے ایف پی

فرنچ اوپن میں رافیل نڈال کا راج برقرار رہا، اسپینش ورلڈ نمبرون پلیئر نے لگاتار 5 ویں اور مجموعی طورپر 9 ویںمرتبہ ٹرافی اپنے نام کی، فائنل میں سربیا کے نووک جوکووک ناکام رہے۔

تفصیلات کے مطابق سیزن کے دوسرے گرینڈ سلم فرنچ اوپن میں رافیل نڈال کی بادشاہت مسلسل پانچویں برس بھی قائم رہی، انھوں نے مینز سنگلز کے فیصلہ کن مقابلے میں روایتی حریف سربیا کے نووک جوکووک کو 3-6،7-5،6-2 اور6-4 سے مات دے دی، اس کامیابی کے ساتھ ہی ان کے مجموعی گرینڈ سلم اعزازات کی تعداد 14 ہوگئی، نڈال 28 برس بعد مسلسل پانچ برس فرنچ اوپن سنگلز ٹائٹلز جیتنے والے پہلے کھلاڑی بنے، ان سے قبل سابق سوئیڈش پلیئر بورن برگ نے یہ کارنامہ انجام دے رکھا ہے، رولینڈ گیروس پر نڈال کا ریکارڈ 66-1 سے مزید بہتر ہوگیا، 14 گرینڈ سلم ٹرافیاں جیت کر انھوں نے سابق امریکی اسٹار پیٹ سمپراس کی ہمسری کرلی، اب راجرفیڈرر کے 17 گرینڈ سلم ٹرافیوں کا ریکارڈان کا ہدف ہوگا۔


دوسری جانب جوکووک اس سے قبل 2012 میں بھی یہاں پر رنر اپ بنے تھے، وہ اولین فرنچ اوپن ٹرافی کے متلاشی ہیں، نڈال نے کہا کہ جوکووک کیخلاف کھیلنا ہمیشہ بڑا چیلنج ہوتا ہے، میں ان سے گذشتہ چار میچز میں ہارچکا تھا، اس لیے اس مرتبہ میں نے انھیں مات دینے کیلیے ہر ممکن حربہ آزمایا، مجھے ان سے ہمدردی ہے، مجھے پورا یقین ہے کہ وہ ایک دن فرنچ اوپن ٹرافی جیتنے کے حقدار ہیں، مقابلے میں نڈال پہلا سیٹ ہارگئے تھے، کسی بھی چیمپئن کا پہلا سیٹ ڈراپ کرنے کا یہ تیسرا موقع ہے، وہ اس سے قبل 2005 میں مارینو پیورٹا کیخلاف اور پھر 2006میں راجرفیڈرر کیخلاف بھی ابتدائی سیٹ ہارنے کے باوجود ٹائٹل ہتھیانے میںکامیاب رہے تھے۔

 
Load Next Story