کراچی ایئرپورٹ پر حملہ کسٹمز ایئر فریٹ یونٹ میں موجود 5 ارب روپے کا درآمدی سامان خاکستر

نجی ٹرمینل’’جیریز‘‘ مکمل طور پر جل گیا، ’’شاہین‘‘ کو 20 فیصد نقصان پہنچا

ایف بی آر کے ریونیوشارٹ فال مزید بڑھنے کا امکان، نقصانات کے ازالے کامیکنزم فوری ترتیب دیا جائے، کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کراچی ایئرپورٹ پراتوارکی شب ہونے والی دہشت گردی کے واقعے کے باعث کسٹمزایئرفریٹ یونٹ کراچی میں درآمدہونے والے مختلف پروڈکٹس اور دیگر سامان جل کرخاکستر ہوگئے ہیں۔

ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ ابتدائی تخمینے کے مطابق کسٹمزایئرفریٹ یونٹ کے گوداموں میں کلیئرنس کے لیے پڑے ہوئے جلنے والی اشیا کی لاگت 5 ارب روپے سے زائد لگائی گئی ہے، ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کو پہلے ہی ریونیوشارٹ فال کا سامنا ہے جس کی وجہ سے اسے اپنے ریونیو کے مقررہ ہدف کے حصول میں مشکلات کاسامنا ہے لیکن دہشت گردی کے اس تازہ ترین واقعے نے ریونیوشارٹ فال کی مالیت کو مزید بڑھادیا ہے اور حکومت کوڈیوٹی وٹیکسوں کی مد میں2ارب روپے سے زائد مالیت کے ریونیوسے محروم ہونا پڑے گا۔


ذرائع نے بتایاکہ دہشت گردوں کے حملے میں کراچی ایئرپورٹ میں قائم نجی ٹرمینل ''جیریز''مکمل طورپر جل گیاہے جبکہ دوسرا نجی ٹرمینل ''شاہین'' کو20فیصدنقصان پہنچا ہے، ایئرفریٹ یونٹ کے باخبرذرائع کاکہنا ہے کہ دہشت گردوں کے حملوں کی وجہ سے مذکورہ دونوں نجی کنسائمنٹ ٹرمینل کے گوداموں میں رکھے ہوئے قیمتی درآمدہ موبائل فونز، سرجیکل آئٹمز، دوائیں،لیپ ٹاپس،الیکٹرونک اشیا سمیت سیکڑوں درآمدی کنسائمنٹس جل کرخاکسترہوگئے ہیں جس کی وجہ سے درآمدکنندگان کو ایک اندازے کے مطابق 5ارب روپے سے زائد مالیت کا نقصان پہنچا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ محکمہ کسٹمز کی مختلف ٹیمیں دہشت گردی کے اس واقعے میں اے ایف یواور اس سے متصل نجی ٹرمینلز میں رکھے ہوئے درآمدی کنسائمنٹس کی درست مالیت کا تخمینہ لگا رہی ہیں، متاثرہ درآمد کنندگان کا کہناہے کہ ایئرپورٹ پرہونے والی دہشت گردی میں تاجروں کو اربوں روپے مالیت کانقصان ہوا ہے لیکن حکومت انکے نقصانات کا ازالہ کس طرح کرے گی اس بارے میں تاجربرادری مضطرب ہے، اس ضمن میں کراچی کسٹمزایجنٹس ایسوسی ایشن کے سابق صدرسیف اللہ خان نے کہا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر ہونے والی دہشت گردی سے چھوٹے ودرمیانے درجے کے درآمدکنندگان کی ایک بڑی تعداد بھاری نقصان کی زد میں آگئی ہے لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ تاجربرادری کے اربوں روپے کے نقصانات کے ازالے کا میکنزم فوری طور پر ترتیب دے۔
Load Next Story