جامعہ اردو وی سی کے تقرر کا معاملہ7ماہ بعد بھی حل نہ ہوسکا

ایوان صدر کے تشکیل دیے گئے پینل نے نامزد امیدواروں کے ایک بار پھر انٹرویو لیے۔

وفاقی اردو یونیورسٹی میں نئے وائس چانسلر کی تقرری کا معاملہ7 ماہ بعد بھی اپنے منطقی انجام کو نہیں پہنچ سکا۔ فوٹو: ای نیوز

وفاقی اردو یونیورسٹی میں نئے وائس چانسلر کی تقرری کا معاملہ7 ماہ بعد بھی اپنے منطقی انجام کو نہیں پہنچ سکا۔

یونیورسٹی کے سب سے بااختیار ادارے سینیٹ کی کارروائی پر عدم اعتماد کرتے ہوئے وائس چانسلر کے عہدے کیلیے نامزد تینوں امیدواروں کے ایک بار پھر انٹرویوکرلیے گئے ہیں۔


یہ انٹرویو بدھ کو اسلام آباد میں کیے گئے ہیں جس کیلیے ایوان صدر کی جانب سے ایک انٹرویو پینل بھی تشکیل دیا گیا تھا، اس انٹرویو پینل میں جامعہ کراچی اور اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر، اردو یونیورسٹی کی سینیٹ کے رکن ممتاز الرحمٰن، ایچ ای سی کے چیئرمین جاوید لغاری اور قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو شامل کیا گیا تھا۔

جبکہ پینل کی جانب سے امیدواروں کے کیے گئے انٹرویو کو''پینل ڈسکشن''کا نام دیا گیا تھا، اس سلسلے میں بدھ کو اسلام آباد میں وفاقی اردو یونیورسٹی کی سینیٹ کی جانب سے وائس چانسلر کے عہدے کیلیے نامزد کردہ تینوں امیدوار جامعہ کراچی کے رئیس کلیہ فنون پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف حسین اور اردو یونیورسٹی شعبہ نباتیات کے پروفیسر معین الدین نے پینل میں شامل اراکین سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

''ایکسپریس''کو ذرائع نے بتایاکہ ایوان صدر کی جانب سے تشکیل شدہ مذکورہ پینل اب وائس چانسلر کے عہدے کیلیے نامزد ان امیدواروں کے حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کرے گا جس کی بنیاد پر کوئی فیصلہ متوقع ہے۔
Load Next Story