فٹبال ورلڈ کپ 2014 کا آغاز آج میزبان برازیل اور کروشیا کے درمیان میچ سے ہوگا
دنیا بھر سے عالمی میلے میں شرکت کے لئے لاکھوں افراد ساؤپاؤلو پہنچ گئے۔ فوٹو؛فائل
دنیا کا سب سے بڑا عالمی میلا برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں آج سجے گا جس میں شرکت کے لئے دنیا بھر سے شائقین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
میزبان برازیل اور کروشیا کے درمیان افتتاحی میچ سے فٹبال ورلڈ کپ 2014 کا آغاز ہوگا، دنیا بھر سے شرکت کرنے والی 32 ٹیموں کو 8 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے ، گروپ " اے" میں برازیل، کروشیا، میکسیکو اور کیمرون کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ "بی "میں اسپین، ہالینڈ، چلی اور آسٹریلیا، گروپ "سی" میں کولمبیا، گریس ، جاپان اور کوٹی لوری کی ٹیمیں شامل ہیں۔
دنیا بھر سے عالمی میلے میں شرکت کے لئے لاکھوں افراد ساؤپاؤلو پہنچ چکے ہیں ادھر ساؤپاؤلو اسٹیڈیم تک تماشائیوں کو پہنچانے کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ میگا ایونٹ کی افتتاحی تقریب اور ابتدائی مقابلے کو دیکھنے کے لئے ساؤ پاؤلو پہنچنے والوں میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون سمیت 12 ممالک اور ریاستوں کے سربراہان بھی شامل ہوں گے۔
فٹبال ورلڈ کی تاریخ میں میزبان ٹیم ہمیشہ اپنے پہلے میچ میں کامیاب رہی ہے اور افتتاحی میچ سے قبل کروشیا کے خلاف میزبان برازیل کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان گھمسان کی جنگ مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے ہوگی۔
واضح رہے کہ ریلوے ملازمین کی ہڑتال سے شہر میں سفری نظام بدستور مفلوج ہے جبکہ ملازمین نے ہڑتال جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے جس کے بعد حکام اور ریلوے ورکرزکے درمیان تناؤ کی فضا بدستور کشیدہ ہوگئی۔