سندھ میں کیرتھر کے مقام پر گیس کا دوسرا بڑا ذخیرہ دریافت

وزارت پٹرولیم کو آگاہ کردیا،مقدار،ہیٹنگ ویلیو اورپریشرسےمتعلق مزید ٹیسٹ کےبعدحتمی اعلان کرینگےاطالوی کمپنی ای این آئی.

وزارت پٹرولیم کو آگاہ کردیا،مقدار، ہیٹنگ ویلیو اور پریشرسے متعلق مزید ٹیسٹ کے بعد حتمی اعلان کرینگے،اطالوی کمپنی ای این آئی. فوٹو: فائل

پاکستان میں تیل و گیس تلاش کرنے والی اطالوی کمپنی ای این آئی نے سوئی بلوچستان کے بعد سندھ میں کیرتھرکے مقام پر ملک کا دوسرا سب سے بڑا گیس کا ذخیرہ دریافت کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ای این آئی کمپنی کے مطابق کراچی سے350کلو میٹر دور شمال میں کیرتھر فولڈ بیلٹ ریجن میں بھٹ فیلڈ سے 20کلو میٹر فاصلے پر گیس کے بڑے ذخائر دریافت کیے گئے ہیں جہاں سے300 سے 400 ارب کیوبک فٹ گیس حاصل کی جاسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق دریافت ہونے والے ذخائر کے درست تخمینے کے لیے مزید ٹیسٹ کیے جارہے ہیں کمپنی نے ذخائر کی بازیافت کے بارے میں وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کو آگاہ کردیا ہے۔


گیس Badhraایریا بی ایکسپلوریشن کنسیشن میں بی نارتھ ون کنویں سے دریافت ہوئی ہے کنویں کی گہرائی2450میٹر بتائی جاتی ہے اب تک کے نتائج کے مطابق گیس ہائی پریشر ہے بلاک کے دو مقامات سے بالترتیب25اور 35ملین کیوبک فٹ گیس یومیہ نکالی جارہی ہے۔ کمپنی ذرائع کے مطابق گیس کی مقدار، ہیٹنگ ویلیو اور پریشر کا درست اندازہ لگانے کیلیے مزید ٹیسٹ کیے جارہے ہیں جس کے بعد حتمی اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ نئی پٹرولیم پالیسی میں نئے ذخائر کی بازیافت پر تیل و گیس کمپنیوں کے لیے مراعات اور بہتر قیمت مقرر کیے جانے سے ملک میں تیل وگیس کی تلاش کی سرگرمیاں تیز کردی گئی ہیں،حکومت کمپنیوں کو نئے ذخائر دریافت کرنے کے لیے کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کرچکی ہے، ملک میں گیس کی یومیہ پیداوار4ارب مکعب فٹ جبکہ طلب6 ارب مکعب فٹ ہے گیس کے نئے ذخائر کی بازیافت درست ثابت ہونے کی صورت میں ملک کو درپیش توانائی کے بحران کے حل میں اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔

کمپنی کے مطابق گیس کے ذخائر کی بازیافت کے بعد کمرشل بنیادوں پر گیس نکالنے کے لیے جوائنٹ وینچر پارٹنر کی تلاش شروع کردی گئی ہے اس مقصد کے لیے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی سے بات چیت جاری ہے۔ کمپنی کے مطابق گیس کو جلد از جلد کمرشل بنیادوں پر نکالنا کمپنی کی ترجیح ہے تاکہ ملک میں جاری توانائی کا بحران حل کیا جاسکے۔
Load Next Story