پہلے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کی ویسٹ انڈیز کیخلاف 186رنز سے تاریخی فتح

403 کا تعاقب کرنے والی ویسٹ انڈین ٹیم 216 پر حوصلہ ہارگئی

مارک کریگ نے ڈیبیو پر 8 وکٹیں لے کر قومی ریکارڈ قائم کیا۔ فوٹو؛ فائل

پہلے ٹیسٹ میں کالی آندھی کیویز سے سرپٹخ کر رہ گئی، نیوزی لینڈ نے چوتھے ہی روز 186 رنز کی تاریخی کامیابی اپنے نام کی، یہ اس کی کیریبیئن سرزمین پر دوسری ٹیسٹ فتح ہے۔

فتح کیلیے 403 رنز کے تعاقب میں جانے والی ویسٹ انڈین ٹیم 216 رنز پرآؤٹ ہوگئی، شین شلنگورڈ نے برق رفتار ففٹی سے مہمان بولرز کا تھوڑا سا صبر آزمایا، اس بار بھی ٹم ساؤتھی اور آف اسپنر مارک کریگ نے میزبان بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑانے میں اہم کردارادا کیا، مارک کریگ نے ڈیبیو پر 8 وکٹیں لے کر قومی ریکارڈ قائم کیا۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 186 رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے، یہ اس کی کیریبیئن جزائر میں تاریخ کی دوسری ٹیسٹ فتح ہے۔


ویسٹ انڈیز کو فتح کیلیے 403 رنز کا ہدف ملا مگر اس کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر آغاز میں ہی لڑکھڑا اٹھی، کیرن پاول کو ٹم ساؤتھی نے صفر پر میدان بدر کیا، ان کا کیچ ٹام لیتھم نے تھاما، صرف 10 رنز پر کرس گیل بھی ساؤتھی کا شکار بن گئے وہ وکٹوں کے عقب میں بی جے واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ ہوئے، کرک ایڈورڈز (14) کو قابو کرنے کے بعد کریگ نے ایک ہی اوور میں ڈیرن براوو ( 12) اور مارلون سموئلز کو صفر پر میدان سے چلتا کیا، شیونرائن چندرپال 24 رنز پر سودھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، کیمارروئچ (19) کریگ کی چوتھی وکٹ بنے، وہ کاٹ بی ہائنڈ ہوئے، کپتان دنیش رامدین 34 رنز پر سودھی کا شکار بن گئے۔

جیروم ٹیلر کو 18 رنز پر سودھی نے ہی واٹلنگ کا کیچ بنایا، اس موقع پر سلمان بین اور شلنگفورڈ کے درمیان آخری وکٹ کے لیے 82 رنز کی شراکت ہوئی جس کی وجہ سے نیوزی لینڈ کو فتح کیلیے تھوڑا انتظار کی زحمت اٹھانا پڑی، بین 25 رنز پر ولیمسن کی گیند پر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ ہوئے، شلنگفورڈ 53 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، انھوں نے 29 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چھکے اور تین چوکے رسید کیے۔ مین آف دی میچ میک کریگ نے اس بار بھی 4 وکٹیں لیں اس طرح میچ میں ان کی مجموعی وکٹوں کی تعداد 8 ہوگئی جوکہ انھوں نے 188 رنز کے عوض لیں، اس طرح انھوں نے نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈییبو پر بہترین بولنگ پرفارمنس کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔ سودھی نے 3 اور ساؤتھی نے 2 وکٹیں لیں۔ اس سے پہلے نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز156 رنز 8 وکٹوں پر ڈیکلیئرڈ کردی تھی، قبل ازیں کیریئر کا 100واں ٹیسٹ میچ کھیلنے والے کرس گیل نے اسی میچ کے دوران 7 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرلیے۔
Load Next Story