جو نیئر ہاکی تربیتی کیمپ آج سے کراچی میں شروع ہوگا

انٹرنیشنل مقابلوں میں فتوحات کے آغاز کیلیے کم از کم 3 برس درکار ہیں، منظور الحسن

نئے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کرلیاہے، مینیجر قومی جونیئر ٹیم۔ فوٹو: فائل

قومی جونیئر ٹیم کا تربیتی کیمپ آج سے ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔

اس موقع پر منیجر اولمپئن منظور الحسن نے کہاکہ انٹرنیشنل مقابلوں میں فتوحات کے آغاز کیلیے کم از کم 3 برس درکار ہیں، نئے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کرلیاہے،کیمپ میں مدعو54 میں ایک یا 2کھلاڑی ہی بین الاقوامی معیار کے ہیں، اپنے دور کے عظیم فل بیک اور قومی جونیئر کیمپ کے کیمپ کمانڈنٹ و چیف کوچ منظور سینئر نے ان خیالات کا اظہار نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ جونیئر کیمپ کا بنیادی مقصد نئے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو پرکھنا ہے۔


28 جون تک جاری رہنے والے اس کیمپ میں شرکا کی بنیادی تیکنک میں بہتری کے ساتھ خرابیوں کو سامنے لائیں گے، کوچ اولمپئن قمر ابراہیم، اولمپئن کامران اشرف، اولمپئن محمد عرفان، اولمپئن اخلاق احمد اور سابق قومی کپتان اولمپئن ریحان بٹ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیں گے، کیمپ میں روزانہ 2 تربیتی سیشن صبح اور شام ہوں گے، ڈاکٹر مبشر اور ڈاکٹر نسیم کھلاڑیوں کے طبی معاملات کے ذمہ دار ہوں گے،ڈاکٹر اسد ماہرنیوٹریشن کی حیثیت سے خصوصی خوراک کا تعین کریں گے۔ ایک سوال پر اولمپئن منظور الحسن نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد ستمبر کے پہلے ہفتے میں قومی تربیتی کیمپ کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگا،اس میں شرکا کی تعداد گھٹا کر 35کردی جائے گی، اس مرحلے میں کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس پر توجہ دیں گے۔

جس کے لیے خصوصی ٹرینرکا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ کیمپ کے لیے منتخب کھلاڑیوں کا معیار سطحی ہے، مگر امید ہے کہ اگلے 3 برسوں میں ہم ایسا وننگ کمبی نیشن بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے جو مستقبل میں ملک کے لیے کامیابیوں کا آغاز کرے گا، انھوں نے کہا کہ نئے ٹیلنٹ کو انٹرنیشنل ایونٹس میں دھکیلنے کے بجائے کوشش کی جائے گی کہ قومی جونیئر ٹیم کے لیے زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل ٹورز کا اہتمام کیا جائے، خاص طور پر یورپی ممالک کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا انعقاد ہو، یہ عمل کھلاڑیوں کے اعتماد اور تجربے میں اضافے کا باعث بنے گا۔ قبل ازیں چیف کوچ کی سربراہی میں کوچز کے اجلاس میں کیمپ کے حوالے سے مختلف امور پر غورکے بعد حکمت عملی مرتب کی گئی۔
Load Next Story