حکومتی اقدام سے تیل کی مقامی پیداوار 40 فیصد تک بڑھی اسحاق ڈار

تیل کی پیداوار جولائی 2013 میں 68 ہزار بیرل یومیہ تھی جو اب ایک لاکھ بیرل تک پہنچ چکی ہے، وفاقی وزیرخزانہ

غیر ملکی کمپنیاں تیل وہائیڈرو کاربن کی تلاش میں سرمایہ کاری کریں، آئی ڈی بی کے صدر سے گفتگو۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ تیل اورہائیڈرو کاربن کی تلاش کے شعبے میں پاکستان میں بھرپور مواقع موجودہیں۔

غیر ملکی کمپنیاں فائدہ اٹھا سکتی ہیں جبکہ بین الاقوامی علما کانفرنس کے انعقاد میں اسلامی ترقیاتی بینک کا کر دار قابل ستائش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزیہاں ملاقات کیلیے آئے ہوئے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر احمد محمود علی المدنی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے بتایا کہ صرف ایک سال کے عرصے میں مقامی سطح پر تیل کی پیداوار میں 30سے 40فیصد اضافہ ہوا ہے جو وفاقی حکومت کی طرف سے صورتحال بہتر بنانے کے عزم کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیل اور ہائیڈرو کاربن کی تلاش کے شعبے میں پاکستان میں بھرپور مواقع موجودہیں، غیر ملکی کمپنیاں ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔


انہوں نے کہاکہ جولائی 2013کے 68ہزار بیرل یومیہ کے مقابلے میں اس وقت پٹرولیم مصنوعات کو 30ہزار بیرل یومیہ اضافے سے ایک لاکھ بیرل تک پہنچا دیا گیا ہے۔ ملاقا ت کے دور ان پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے آئی ڈی بی کے صدر کی طرف سے پاکستا ن میں پولیو کے خاتمے کے سلسلے میں ذاتی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد میں اس حوالے سے بین الاقوامی علما کانفرنس کے انعقاد میں اسلامی ترقیاتی بینک کا کر دار قابل ستائش ہے۔ انہوںنے کہاکہ پولیو کے خاتمے کے پروگرام کیلیے 227 ملین ڈالر کی امداد پر بھی آئی ڈی بی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوںنے اسلامی ترقیاتی بینک کو آگاہ کیا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے گزشتہ ایک سال کے دور ان اپنائی گئی اقتصادی پالیسیوں کے نتیجے میں ملک کی مجموعی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں یورو بانڈ کے کامیاب اجراٗ تھری اور فورجی اسپیکٹرم کی بولی پاکستان میں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سمیت دیگرمنصوبوں کیلیے عالمی بینک کے تعاون، جامشورو پاور پراجیکٹ کیلیے ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت سمیت دیگر امور اس امر کی نشاندہی کر تے ہیں کہ پاکستان کی معیشت پر اعتماد میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ پاکستان میں تیل اور قدرتی گیس کے مناسب ذخائر موجود ہیں لیکن موزوں منصوبہ بندی اور ویژن کی کمی کی وجہ سے صرف 44فیصد علاقے میں تلاش کا کام کیا جاسکا ہے۔

اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر نے پاکستانی حکومت کی طرف سے ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ بین الاقوامی علما کانفرنس کاانعقاد ایک عظیم اقدام ہے اور وہ کانفرنس میں علما کی شرکت سے بہت خوش ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم ملک سے پولیو کے خاتمے کیلیے اپنا بھرپور کر دار ادا کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کے اسلامی دنیا اور افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے سلسلے میں اپنا کر دار ادا کر نے کو تیار ہے۔ انہوںنے کہاکہ اسلامی ترقیاتی بینک اسلامی ممالک اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں بھی مدد دیگا اور پاکستان کو اپنی برآمدات اسلامی ممالک تک پہنچانے میں بھی معاونت کریگا۔
Load Next Story