پاکستان کے لیے 22 کروڑ ڈالر کا آسان قرضہ

پاکستان پہلے ہی ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف جیسے بڑے مگرمچھوں کے ’’قرض جال‘‘ میں پھنسا ہوا ہے ...

پاکستان پہلے ہی ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف جیسے بڑے مگرمچھوں کے ’’قرض جال‘‘ میں پھنسا ہوا ہے . فوٹو: فائل

اخباری اطلاعات کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر احمد محمد علی نے کہا ہے کہ پاکستان کو آیندہ 4سال میں آسان شرائط پر 22کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا قرضہ دے رہے ہیں جس کا مارک اپ بل گیٹس فائونڈیشن دے گی۔ آئی ٹی بی کی جانب سے ایک بڑے قرضے کی فراہمی یقیناً پاکستانی معیشت کو استحکام کی جانب بڑھنے میں مدد دے گی اور راست اقدامات کے ذریعے اس رقم کو کثیر الجہتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ اسلامی ترقیاتی بینک اب تک پاکستان میں مختلف منصوبوں کے لیے 8.5 ارب ڈالر قرضہ فراہم کرچکا ہے جب کہ رواں برس نیلم جہلم اور جامشورو کول پاور پلانٹ سمیت ریلوے کے مختلف منصوبوں کے لیے مزید ڈیڑھ ارب ڈالر فراہم کرے گا۔ پریس کانفرنس میں آئی ٹی بی کے صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلامی ترقیاتی بینک سے مستفید ہونے والا دنیا کا دوسرا بڑا اسلامی ملک ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسداد پولیو کے لیے بھرپور اقدامات کررہے ہیں، پاکستان پر عائد سفری پابندیاں افسوسناک ہیں۔


آیندہ 2سال کے دوران بھرپور اقدامات کے ذریعے پاکستان سمیت دنیا بھر سے پولیو کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکتا ہے، مرض کے خاتمے کے لیے تمام مسلم امہ اور اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ قرض فراہمی کی پریس کانفرنس میں پولیو مرض کا خاتمہ اور پاکستان پر سفری پابندی کا تذکرہ بہت اہم نکتہ ہے جو ظاہر کرتا ہے کہ قرض فراہم کرنے والے ادارے نہ صرف پاکستان کی بہتری بلکہ قرض کی رقم کے درست استعمال کے خواہاں ہیں۔

قرض بلاشبہ معیشت کو استحکام بخشتے ہیں لیکن بہرحال اس رقم کی واپسی بھی لازماً شرط ہوتی ہے، پاکستان پہلے ہی ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف جیسے بڑے مگرمچھوں کے ''قرض جال'' میں پھنسا ہوا ہے، ایسے میں اسلامی ترقیاتی بینک جیسے برادرانہ ادارے کی جانب سے فراہم کیے جانے والے قرض کی رقم کا صحیح استعمال اور درست اسٹرٹیجی ہی راست اقدام ہوگی تاکہ نہ صرف معیشت کو مستحکم کیا جاسکے بلکہ پرانے قرضوں کی واپسی بھی ممکن بنائی جاسکے۔ پاکستانی حکمرانوں کو اب حقیقی معنوں میں ''قرض اتارو ملک سنوارو''کی پالیسی اپنانا ہوگی تاکہ بحیثیت قوم ہم اقوام عالم کے سامنے سر اٹھا کر چل سکیں ۔
Load Next Story