ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کا پاکستان کو ون ڈے سیریز میں وائٹ واش

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 24 اپريل 2024
فوٹو: پی سی بی

فوٹو: پی سی بی

  کراچی: ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں پاکستان کو 88 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔

پاکستان ویمن ٹیم 279 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 47.5 اوورز میں 190 رنز پر ڈھیر ہوگئی، مہمان کپتان آل راؤنڈر ہیلی میتھوز نے سینچری جڑتے ہوئے کیریئر کا بہترین اسکور141 رنز کیا اور 2 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

ویسٹ انڈیز نے سیریز جیت کرآئی سی سی چیمپئین شپ میں 6 قیمتی پوائنٹس جوڑ لیے، سیریز میں شکست کے بعد پاکستان ٹیم چیمپئن شپ میں براہ راست شرکت کے حق سے بھی محروم ہوگئی، چیمپئن شپ کے 21 ویں میچ میں پاکستان کی یہ 13 ویں شکست تھی۔

پیرکو نیشنل بینک اسٹیڈیم پر تیسرے اورآخری ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز اسکور کیے۔

کیریبین کپتان 26 سالہ ہیلی میتھیوز نے ون ڈے انٹرنیشنل میں چھٹی سینچری بنائی، ہیلی نے 149 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 19 چوکے بھی لگائے۔

شنیل ہنری نے 47، شیمائن کیمبل نے 38 رنز بنائے، راشدہ ویلمز اورچیڈن نیشن 9، 9،اسٹیفنی ٹیلر 4 رنز بنا سکیں، عالیہ 2 اورایفے فلیچر ایک رن کے ساتھ ناٹ آوٹ رہیں۔

نشرح سندھو نے 54 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، فاطمہ ثنا نے67 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں، فاطمہ نے اپنے 38 ویں میچ میں 50 وکٹیں بھی مکمل کرلیں، کپتان ندا ڈار کوایک وکٹ ملی، ام ہانی، طوبیٰ حسن اورعالیہ ریاض کو کوئی وکٹ نہ مل سکی۔

جواب میں میزبان ٹیم ہدف تک پہنچنے میں بری طرح ناکام رہی اور 47.5 اوور میں 190 رنز پرہمت ہار گئی، منیبہ علی 38، عالیہ ریاض 36، فاطمہ ثنا اور طوبہ حسن 23،23 اور بسمعہ معروف 19 رنز کے ساتھ مزاحمت کرتی نظر آئیں۔

سدرا امین، ندا ڈار اور ناجیہ علوی 9،9 رنز کی مہمان رہیں، ام ہانی نے 6 رنز بنائے، ہیلی میتھوز، اسٹیفنی ٹیلر اور عالیہ ایلاین نے 2،2 جبکہ زیدہ، کرشما، شنیل ہنری اور شمیلہ نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔