لیاری گینگ وار کے اہم کارندے کی مقابلے میں ہلاکت ملزمان کا تھانے پر حملہ بچوں سمیت 4 افراد زخمی

غفار کئی وارداتوں میں مطلوب اور شیراز کامریڈ کا کمانڈر تھا، 2ملزم زخمی حالت میں فرار، لیاری میں صورتحال کشیدہ

پیر کی شام کلری تھانے پر فائرنگ کی گئی بم پھینکا گیا، پولیس کوارٹرز کے قریب فائرنگ سے ٹیکسی ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ فوٹو: فائل

لیاری میں پولیس مقابلے کے دوران گینگ وار کے شیراز کامریڈ کا کمانڈر ہلاک ہوگیا، گینگ وار کے کمانڈر کی ہلاکت کے بعد لیاری کے مختلف علاقے فائرنگ اور دستی بم حملوں سے گونج اٹھے۔

لیاری میں دن بھر صورتحال کشیدہ رہی، شام کو شیراز کامریڈ کے کارندوں نے کلری تھانے پر دستی بم سے حملہ اور فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں3 بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے،تفصیلات کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر بغدادی تھانے کی حدود موسیٰ لین میں جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو وہاں موجود ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں لیاری گینگ وار کا انتہائی اہم کارندہ ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے2 ساتھی زخمی حالت میں فرارہو گئے۔


پولیس نے ہلاک ہونیوالے گینگ وار کے کارندے کے قبضے سے کلاشنکوف ، دستی بم اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد کر تے ہوئے لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کردی ، ایس ایس پی سٹی شیراز نذیر نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقابلے میں مارے جانے والے ملزم کی شناخت30 سالہ غفار نیازی ولد عالم نیازی کے نام سے کر لی گئی،ہلاک ہونے والا ملزم لیاری گینگ وار کے شیراز کامریڈ گروپ کا کمانڈر تھا، انھوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملزم ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان ، بھتہ خوری ، پولیس اہلکاروں کے قتل سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا ، انھوں نے بتایا کہ لیاری کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موجود ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

آپریشن کے دوران گینگ وار کے ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا بھی تبادلہ ہوا ہے، گینگ وار کے کمانڈر کی ہلاکت کے بعد لیاری کے مختلف علاقے شدید فائرنگ اور دستی بم حملوں سے گونج اٹھے جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ کاروبار اور دکانیں بند ہو گئیں، بغدادی تھانے کی حدود میں واقع پولیس کوارٹرز کے قریب گینگ وار کے ملزمان کی فائرنگ سے راہگیر 28 سالہ محمد آصف ولد فقیر محمد زخمی ہوگیا جسے سول اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمی شخص ٹیکسی ڈرائیور بتایا جاتا ہے۔

شام کے وقت شیراز کامریڈ گروپ کے کارندوں نے کلری تھانے پر فائرنگ اور دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں کلری تھانے کی بیرونی دیوار کو شدید نقصان پہنچا جبکہ دستی بم حملے میں3 بچے سمیت4افراد 8 سالہ سمیر آیان ولد غلام مجتبیٰ،10سالہ خاور ولد مراسم، 12 سالہ اسامہ محمد تنویر اور ایک راہ گیر30 سالہ محمد راشد ولد داد محمد زخمی ہو گیا، پولیس کے مطابق دستی بم حملے میں زخمی ہونے والے بچوں سمیت 4 افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے پولیس کا کہنا تھا کہ کلری تھانے پر دستی بم حملہ پولیس مقابلے کے دوران شیراز کامریڈ کے کمانڈر غفار نیازی کے مارے جانے کا رد عمل ہے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ لیاری کے مختلف علاقوں میں لیاری گینگ وار کے ملا نثار اور جھینگو گروپ کے ماجد بلوچ اور معاذ بلوچ کے درمیان منشیات اور بھتے کی رقم پر بھی تنازع چل رہا ہے۔
Load Next Story