کنواری کالونی میں رینجرز کا آپریشن 20 سے زائد مشکوک افراد زیر حراست

پکڑے گئے افرادکوتفتیش کیلیے نامعلوم مقام منتقل کردیا گیا،رینجرز نے لیاقت آباد سے بھی4افراد حراست میں لے لیے

3کواری کالونی میں رینجرز کے آپریشن کے دوران گرفتارملزمان اوران سے برآمد کیا جانے والا اسلحہ صحافیوں کو دکھایا جا رہا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن ، چھاپہ مار کارروائیوں پولیس مقابلوں اور اسنیپ چیکنگ کے دوران 96 ملزمان کو گرفتار و حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ، منشیات، کے الیکٹرک کے چوری شدہ وائر اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز نے منگھوپیر کے علاقے کواری کالونی اور نیو میانوالی کالونی میں جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع کی موجودگی پر بھاری نفری کے ہمراہ پورے علاقہ کا محاصرہ کر لیا اس دوران داخلی و خارجی راستوں پر سخت پہرہ لگا دیا کسی بھی شخص کو علاقے سے باہر جانے یا علاقے میں آنے کی اجازت نہیں تھی، آپریشن میں300 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا جن میں خواتین اہلکار اور انسداد دہشت گردی یونٹ کے اہلکار اور کمانڈوز بھی شامل تھے ، آپریشن کے لیے سراغ رساں کتوں کی بھی مدد لی گئی ، سرچ آپریشن کے دوران 20 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔

حراست میں لے گئے افراد کو تفتیش کیلیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ، رینجرز کی بھاری نفری نے پیر اور منگل کی درمیانی شب لیاقت آباد نمبر4ڈاکخانہ کے قریب محاصر ہ کر کے گھر گھر تلاشی کے دوران سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے4 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا، علاوہ ازیں سرسید پولیس نے نارتھ کراچی سیکٹر 7-A محمد شاہ قبرستان کے قریب اسنیپ چیکنگ کے دوران 2 ملزمان سلیم رند اور عثمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بجلی کے تاروں سے لدا ٹرک نمبرKG-0188 برآمد کرلیا۔


ایس ایچ او سرسید ٹاؤن جمال لغاری کا کہنا ہے کہ پولیس معمول کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ملنے والے تار کی مالیت 70سے80 لاکھ روپے ہے ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں،اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس عیسیٰ نگری منو گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں مطلوب3 ملزمان پرویز خان ، ناظم خان اور اعظم حسین کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے3پستول اور موبائل فون برآمد کر لیے، گرفتار ملزم محمد یوسف نامی شخص سے پانچ لاکھ روپے بھتہ مانگ رہے تھے۔

پاکستان بازار کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر14اکبر شہید چوک کے قریب بیکری میں ڈبل روٹی کی سپلائی کے لیے آنے والی سوزوکی پک اپ کے کیشیر سے لوٹ مار کرنے والے ایک ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا، ملزم کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہو گیا ، پکڑے جانے والے ملزم انور کو پولیس نے گرفتار کر کے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا، سفارشی ایس ایچ او اقبال مارکیٹ سب انسپکٹر ناصر محمود نے واقعے کو پولیس مقابلہ ظاہر کر کے عوام کے ہاتھوں پکڑے جانے والے ملزم کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول برآمد کرلیا۔

ایس ایچ او نے پولیس مقابلہ ظاہر کرنے پر اپنے افسران سے داد حاصل کی ،تیموریہ پولیس نے بفرزون اقبال گارڈن کے قریب کارروائی کرتے ہوئے5افراد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر عرفان عرف گڈو عرف چریا کو گرفتار کرلیا، ایس ایچ او تیموریہ قلندر بخش نے بتایا کہ ملزم نے دوران تفتیش گلبرگ، اور شریف آباد میں پانچ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا ہے، نارتھ ناظم آباد پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران ملزم جاوید کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول ، چھینے گئے موبائل فون اور لوٹی گئی رقم برآمد کر لی ، کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پولیس نے گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران 65 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
Load Next Story