اسپینش ٹیم آج چلی کے خلاف بقا کی جنگ لڑے گی

آسٹریلیا کو بلند حوصلہ ڈچ سائیڈ کا چیلنج درپیش،کیمرون اور کروشیا کی ٹیمیں باہمی مقابلے میں پہلی فتح کی متلاشی

آسٹریلیا کو بلند حوصلہ ڈچ سائیڈ کا چیلنج درپیش،کیمرون اور کروشیا کی ٹیمیں باہمی مقابلے میں پہلی فتح کی متلاشی۔ فوٹو: فائل

ابتدائی میچ میں نیدر لینڈز کے زور دار پنچ سے نڈھال دفاعی چیمپئن اسپینش ٹیم ورلڈکپ میں بدھ کو چلی کیخلاف بقا کی جنگ لڑے گی۔

آسٹریلیا کو بلند حوصلہ ڈچ سائیڈ کا چیلنج درپیش ہوگا، کیمرون اور کروشیا کی ٹیمیں باہمی مقابلے میں پہلی فتح کی متلاشی ہونگی۔ تفصیلات کے مطابق یورو 2008 ،ورلڈ کپ 2010اور یورو 2012ٹائٹلز کی سنہری تاریخ رقم کرنے والے اسپین کو برازیل میں جاری میگا ایونٹ کے پہلے ہی میچ میں نیدر لینڈز نے 5-1 کی ہزیمت سے دوچار کرکے کمزور تیاریوں کا پول کھول دیا،گروپ بی کی موجودہ صورتحال میں دفاعی چیمپئن کو چلی کیخلاف فتح کے ساتھ اعتماد کی بحالی کا سفر شروع کرنا ہوگا، بلند حوصلہ چلی نے اپنی اولین آزمائش میں آسٹریلیا کو3-1 سے روند کر اسپین کیلیے خطرے کی گھنٹی بجا دی تھی۔

ہسپانوی ٹیم کی خلاف توقع کارکردگی پر ہکا بکا رہ جانے والے کھلاڑی،کوچ اور شائقین ریو ڈی جنیرو میں شیڈول میچ کے حوالے سے ایک انجانے خوف کا شکار نظر آتے ہیں،مبصرین کے مطابق چلی ایک انتہائی منظم یونٹ ہے، کھلاڑی جارحانہ انداز میں کھیلنے کی ذہنی اور جسمانی استعداد رکھتے ہیں، ڈرا میچ بھی ان کے حق میں بہتر نتیجہ ہوسکتا ہے،دوسرے میچ میں ناقص کارکردگی اسپین کا سنہرا دور ختم ہونے کا اعلان ہوگی، اس دباؤ سے نکلنا کھلاڑیوں خاص طور پر سخت تنقید کی زد میں آنے والے گول کیپر اکیر کیسیلاس کیلیے آسان نہیں ہوگا۔


ارجنٹائن کے سابق اسٹار میرا ڈونا نے کہاکہ دفاعی چیمپئن ٹیم کو کبھی 5گول کھاتے نہیں دیکھا، سمجھ میں نہیں آتا کہ اتنے بڑے دھچکے کے بعد وہ کیسے بحال ہوگی؟ دوسری طرف کئی پرستار اس خوش فہمی میں مبتلاہیں کہ اسپینش ٹیم نے 2010 میں بھی پہلے میچ میں شکست کے بعد ورلڈ کپ جیت لیا تھا،اس بار بھی تاریخ دہرائی جا سکتی ہے۔ اسی گروپ کا دوسرا مقابلہ نیدر لینڈز اور آسٹریلیا کے مابین پورٹو الیگری میں شیڈول ہے۔

2006کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے والے سوکروز بلند حوصلہ ڈچ سائیڈ کو اپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ میں امکانات زندہ رکھنے کا خواب سجائے ہوئے ہیں، فارورڈ میتھیو لیکی نے کہاکہ چلی کے خلاف ہماری کارکردگی اچھی رہی تاہم مواقع سے زیادہ فائدہ نہ اٹھاسکے،دوسرے میچ میں بھی کسی گھبراہٹ کا شکار نہیں ہونگے،حریفوں کیلیے ہمیشہ خطرہ ثابت ہونے والے بہترین پلیئر ٹم چاہل مطلوبہ نتائج دینے میں خاصے مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

نیدر لینڈز کے کپتان اور اسپین کی تباہی کے بڑے ذمہ دار وین پرسی نے کہا کہ اسپین کے خلاف ہماری کارکردگی شاندار رہی لیکن ٹورنامنٹ کا ابھی آغاز ہوا ہے، کسی ٹیم کے مقابل بھی غفلت کا مظاہرہ مہم کمزور بناسکتا ہے، میرا ساتھ دینے کیلیے موجود آرجن روبن اور ویسلے شینڈرکی پوری کوشش ہوگی کہ ہماری ٹیم سے قطعی مختلف اسٹائل میں کھییلنے والی آسٹریلوی سائیڈ کو کسی کمزوری کا فائدہ اٹھانے کا موقع نہ دیں۔ بدھ کو تیسرا میچ منائوس میں شیڈول ہے، جہاں گروپ اے میں شامل کیمرون اور کروشیا کی ٹیمیں پہلی فتح کی متلاشی ہونگی، افریقی ٹیم کو میکسیکو کے ہاتھوں 0-1سے شکست ہوئی جبکہ میزبان برازیل نے کروشیا کو 3-1سے زیر کرلیا تھا، افریقی ٹیم کے انجرڈ پلیئر سموئیل ایٹو کی شرکت مشکوک ہے۔
Load Next Story