آئی سی ایچ کا خاتمہ کراچی اسٹاک مارکیٹ مندی کا شکار 2 حدیں گرگئیں

کے ایس ای 100 انڈیکس 166.62 پوائنٹس کمی سے29158 ہوگیا، 63 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی

کاروبار341 کمپنیوں تک محدود، 103 کے بھاؤ میں اضافہ 214 کے داموں میں کمی، 24 میں استحکام رہا۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

ملک سیاسی افق پر غیریقینی صورتحال، حکومت سے متعلق پھیلنے والی منفی افواہوں اور انٹرنیشنل کلیئرنگ ہاؤس ختم ہونے سے پی ٹی سی ایل اورٹیلی کارڈ کی آمدنی کم ہونے جیسے عوامل کے باعث کراچی اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو بھی معمولی اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کے اثرات غالب رہے جس سے انڈیکس کی29300 اور 29200 کی دوحدیں بیک وقت گرگئیں، 63 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 38 ارب 10 کروڑ 15 لاکھ 21 ہزار737 روپے ڈوب گئے۔

کاروبارکے ابتدائی دورانیے میں بعض بینکس، پٹرولیم اور سیمنٹ سیکٹر کی کمپنیوں میں خریداری بڑھنے سے ایک موقع پر155.56 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی29400 پوائنٹس کی حد بحال ہوگئی تھی لیکن بعد ازاں شعبہ مواصلات سمیت دیگرسیکٹرکے حصص میں پرافٹ ٹیکنگ بڑھنے سے تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی۔


ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں اور میوچل فنڈزکی جانب سے 43 لاکھ 29 ہزار 622 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جبکہ اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے4 لاکھ 60 ہزار 931 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے9 لاکھ 96 ہزار974 ڈالر، انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے26 لاکھ 41 ہزار 46 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے2 لاکھ30 ہزار 672 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا۔ مندی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 166.62 پوائنٹس کی کمی سے 29157.98 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 111.02 پوائنٹس کمی سے 20059.73 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 237.09 پوائنٹس کمی سے46915.70 ہوگیا۔

کاروباری حجم منگل کی نسبت 11.75 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر17 کروڑ15 لاکھ87 ہزار250 حصص کے سودے ہوئے، کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 341 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 103 کے بھاؤ میں اضافہ 214 کے داموں میں کمی اور24 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں کولگیٹ پامولیو کے بھاؤ 34.50 روپے بڑھ کر 1874.50 روپے اور انڈس موٹرز کے بھاؤ 15.53 روپے بڑھ کر509.01 روپے ہوگئے جبکہ رفحان میظ کے بھاؤ 230 روپے کم ہوکر 10600 روپے اور باٹا پاکستان کے بھاؤ 33.41 روپے کم ہوکر3167.50 روپے ہوگئے۔
Load Next Story