سپریم کورٹ ہماری بھی ہے اپوزیشن سے زیادہ عزت کرتے ہیں

تمام ایشوز پر اپوزیشن سے مذاکرات میں سنجیدہ ہیں، ملکی سیاست پیپلزپارٹی کے گرد گھومتی ہے

اسلام آباد :وزیراعظم راجا پرویز اے پی پی کے ملازمین کو مستقل کرنے کے موقع پر خطاب کررہے ہیں (فوٹو ایکسپریس)

وزیراعظم راجا پرویزاشرف نے کہا ہے کہ آج عدلیہ اور میڈیا آزاد ہے، غلط تاثردیا جا رہا ہے کہ حکومت عدالت کے خلاف ہے، ہم عدالت کی اس سے زیادہ عزت کرتے ہیں جتنی اپوزیشن کرتی ہے، آصف زرداری ملک کے واحد صدر ہیں جنھوں نے رضاکارانہ اختیارات پارلیمنٹکو تفویض کردیے۔ سرکاری خبر ایجنسی کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تمام ایشوز پر حکومت اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کرنے میں سنجیدہ ہے،

ہمارے پاس جمہوریت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔ ملکی سیاست ہمیشہ سے پیپلزپارٹی کے اردگرد گھوم رہی ہے، ذوالفقار علی بھٹو مڈل کلاس کو سیاست میں لائے ورنہ ان سے پہلے غریب آدمی کے لیے سیاست شجرممنوعہ تھی۔ روٹی ،کپڑااور مکان کے انقلابی نعرے سے ملک میں تبدیلی آئی ہے۔ پیپلزپارٹی کبھی چور دروازے سے اقتدار میں نہیں آئی، ہم ہمیشہ عوام کی خدمت کے ذریعے اقتدار میں آئے، یہ جماعت وفاق کی علامت ہے۔ مخالفین کہتے تھے کہ یہ تو چیف الیکشن کمشنر تک نہیں لگا سکتے،


آج فخر الدین جی ابراہیم چیف الیکشن کمشنر کے طور پر سب کومنظور ہیں۔ ہماری نیت ٹھیک ہے اور اپوزیشن کی نیت بھی ٹھیک ہے۔ ہم نے مل کر ملک کو گرداب سے نکالنا ہے۔ انھوں نے کہا اس ملک میں جو سیاست کرتا ہے وہ یا تو جئے بھٹو کا نعرہ لگاتا ہے یا گالی دیتا ہے مگر ہمارا نام ضر ور لیتا ہے۔ ہم اپوزیشن سے بڑھ کر سپریم کورٹ کی عزت کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کو سازش نہیں کرنی آتی مگر جب پیپلز پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو اس کیخلاف سازشوں کے پہاڑ کھڑے کر دیے جاتے ہیں۔

وزیراعظم نے اے پی پی کیلیے 30کروڑ روپے کی اضافی گرانٹ کی منظوری کا بھی اعلان کیا اور وزارت اطلاعات کو ہدایت کی کہ نجی میڈیا ہائوسز میں کام کرنیوالے ورکروں اور صحافیوں کیلیے 8ویں ویج بورڈ کی تشکیل کیلیے فوری طور پر کام شروع کیا جائے۔
Load Next Story